پہلی بار سام سنگ کا فلیگ شپ فون 4 ورژن میں؟

21 ستمبر 2018
گلیکسی ایس 10 کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ آئس یونیورس ٹوئٹر اکاؤنٹ
گلیکسی ایس 10 کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ آئس یونیورس ٹوئٹر اکاؤنٹ

سام سنگ کے نئے فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 10 کی آمد میں ابھی کئی ماہ باقی ہیں، مگر اس کے بارے میں لیکس آنے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔

اور اب نئی لیک میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ پہلی بار سام سنگ اپنی ایس سیریز کے کسی فون کو 4 مختلف ورژن میں متعارف کرائے گی۔

ایکس ڈی اے ڈویلپر بلاگ نے سام سنگ فونز کی اینڈرائیڈ 9 اپ ڈیٹ میں چھپے کوڈ میں چند اشارے دریافت کیے، جن سے عندیہ ملتا ہے کہ گلیکسی ایس 10 چار مختلف ماڈلز میں متعارف کرایا جائے گا۔

اس سے قبل یہ افواہ سامنے آئی تھی کہ گلیکسی ایس 10 کو تین مختلف ورژن میں پیش کیا جائے گا مگر اب یہ تعداد 4 بتائی جارہی ہے۔

سام سنگ نے گلیکسی ایس 10 کو beyond کوڈ نام دیا ہے اور بلاگر نے اشارے دریافت کیے، اس میں یہ کوڈ نام چار مختلف ناموں کے ساتھ دیا گیا ہے۔

beyond0 ایسا گلیکسی ایس 10 ہوگا جو کہ فیچرز کے لحاظ سے دیگر سے کمتر ہوگا اور اس کی قیمت بھی کم ہوگی۔

اسی طرح beyond1 سام سنگ کا اسٹینڈرڈ 5.8 انچ کا امولیڈ ڈسپلے والا گلیکسی ایس 10 ہوسکتا ہے، جبکہ beyond2 بڑے ڈسپلے والا گلیکسی ایس 10 پلس ماڈل ہوگا جس میں 6.44 انچ کی اسکرین ہوگی۔

مگر اہم چیز beyond25g ہے جو کہ چوتھا ورژن ہے اور یہ سام سنگ کا پہلا گلیکسی فون ہوگا جو کہ فائیو جی سپورٹ کے ساتھ ہوگا۔

واضح رہے کہ فی الحال یہ سب افواہیں ہیں، مصدقہ نہیں، تاہم شواہد سے انداز ہوتا ہے کہ سام سنگ پہلی بار 4 مختلف ورژن میں اپنا فلیگ شپ فون متعارف کراسکتی ہے۔

اس سے قبل یہ رپورٹ سامنے آچکی ہے کہ گلیکسی ایس 10 میں بیک پر 3 سے 5 کیمرے ہوسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ سام سنگ نے گزشتہ روز ہی گلیکسی اے 7 کے نام سے اپنا پہلا تین بیک کیمروں والا فون متعارف کرایا تھا جبکہ توقع کی جارہی ہے کہ یہ جنوبی کورین کمپنی 11 اکتوبر کو 4 بیک کیمروں والا فون بھی متعارف کراسکتی ہے۔

اس حوالے سے کمپنی نے گیارہ اکتوبر کو ایک گلیکسی ڈیوائس متعارف کرانے کے ایونٹ کا اعلان بھی کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں