اسلام آباد: لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے 2 ججز نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد حنیف عباسی کی افیڈرین کیس میں سزا کے خلاف اپیل سننے سے معذرت کرلی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار دفتر نے ڈویژن بینچ کی جانب سے ان کی اپیل پر سنوائی 24 ستمبر سے مقرر کر رکھی ہے۔

18 ستمبر کو لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد محمود عباسی اور جسٹس طارق عباسی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے اپیل پر سماعت کا فیصلہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ایفی ڈرین کیس: ہائیکورٹ کے فیصلے کےخلاف حنیف عباسی کی درخواست مسترد

جسٹس شاہد عباسی نے حنیف عباسی کے ایفیڈرین کیس سامنے آنے کے وقت اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے پراسیکیوٹر جنرل ہونے کی وجہ سے کیس سے معذرت کی۔

ایفی ڈرین کوٹہ کیس

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی سمیت دیگر ملزمان پر جولائی 2012 میں 5 سو کلو گرام ایفی ڈرین حاصل کرنے کا کیس دائر کیا گیا تھا۔

مذکورہ مقدمے میں حنیف عباسی کے علاوہ غضنفر، احمد بلال، عبدالباسط، ناصر خان، سراج عباسی، نزاکت اور محسن خورشید نامی شخصیات شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا

ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں دورانِ سماعت اب تک 5 ججز تبدیل ہو چکے ہیں جبکہ اس میں 36 گواہان نے اپنی شہادتیں قلمبند کرائیں۔

ملزمان پر الزام عائد ہے کہ انہوں نے ایفی ڈرین کا غلط استعمال کرتے ہوئے منشیاات اسمگلروں کو فروخت کیں۔

ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے حنیف عباسی سمیت دیگر ملزمان پر نائن سی ایکٹ کے تحت مقدمہ نمبر 41 درج کیا تھا۔

21 جولائی کو راولپنڈی کی انسداد منشیات عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کو ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا جبکہ دیگر 7 ملزمان کو عدم ثبوت کی بنا پر شک کا فائدہ دے کر بری کر دیا، حنیف عباسی کو انتخابی سیاست کے لیے تاحیات نااہل بھی قرار دیا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں