سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں کارروائی کرتے ہوئے سرحد پار کر کے پاکستان میں داخل ہونے والے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے افسر سمیت 7 جوان شہید ہوگئے۔

شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ردالفساد کے دوران سیکیورٹی فورسز کو اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد سرحد پار کر کے پاکستان میں داخل ہوئے ہیں اور ایک کمپاؤنڈ میں چھپے ہیں۔

مزید پڑھیں: آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائی، 4 دہشتگرد ہلاک، فوجی جوان شہید

اس اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے غرلامئی اور سپیرا کنر الگاڈ میں آپریشن کرتے ہوئے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کیپٹن جنید سمیت 7 جوان شہید ہو گئے۔

شہادت کے مرتبے پر فائز ہونے والوں میں حولدار عامر، حولدار عاطف، حولدار ناصر، حولدار عبدالرزاق، سپاہی سمیع اور سپاہی انور شامل ہیں۔

فوج نے علاقے کو کلیئر کردیا جبکہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ کچھ روز کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر متعدد حملے کیے تھے جس کے بعد فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر آپریشن کا آغاز کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کادھماکا،ایف سی اہلکارجاں بحق،3زخمی

خیال رہے کہ پاک فوج کی جانب سے گزشتہ برس ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ردالفساد کا آغاز کیا گیا تھا اور اس آپریشن کا مقصد ملک کو اسلحے سے پاک کرنا اور دہشت گردی کا بلاامتیاز خاتمہ اور سرحدی سلامتی کو یقینی بنانا تھا۔

آپریشن کے دوران بلوچستان اور وزیرستان سمیت قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کو شدید نقصان پہنچایا گیا تاہم مختلف مواقع پر دہشت گردوں کی جانب سے فورسز پر حملے بھی کیے گئے۔

تبصرے (0) بند ہیں