صوبہ پنجاب کے درالحکومت لاہور سمیت مختلف شہروں میں 4.1 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق اتوار کی صبح لاہور، ساہیوال، شیخوپورہ، پاکپتن سمیت مختلف علاقوں میں زلزلہ محسوس کیا گیا، جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

زلزلہ محسوس ہوتے ہی لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے، تاہم زلزلے کی شدت کم ہونے کی وجہ سے خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

مزید پڑھیں: ملک کے مختلف علاقوں میں 6.1 شدت کا زلزلہ،ایک بچی جاں بحق

دوسری جانب پاکستان کے زلزلہ کوہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.1 تھی جبکہ اس کا مرکز لاہور کے مشرق میں 24 کلومیٹر پاک، بھارت سرحد کے قریب تھا اور اس کی گہرائی 20 کلومیٹر تھی۔

اس سے قبل رواں سال کے آغاز میں ملک کے مختلف علاقوں میں 6.1 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں عمارات گرنے سے ایک بچی جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔

ماہ جنوری میں آنے والا یہ زلزلہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف حصوں میں محسوس کیا گیا تھا۔

یہ بھی یاد رہے کہ جنوری 2018 کے دوران کوہ ہندو کش ریجن میں 17 بار زلزلہ آیا جبکہ اس کی شدت 3.2 سے لے کر 6.2 ریکارڈ کی گئی تھی، سب سے شدید زلزلہ 31 جنوری کو ریکارڈ کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں