بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں امن فورس کے کیمپ پر نامعلوم افراد کے حملے میں 3 اہلکار جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق لیویز ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈیرہ بگٹی کے علاقے دشت گوران میں نامعلوم مسلح افراد نے امن فورس کے کیمپ کر حملہ کیا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: 48 گھنٹوں میں لیویز اہلکار سمیت 6 شہری جاں بحق

سیکیورٹی فورسز کے ذرائع نے بتایا کہ حملہ رات کی تاریکی میں 3 بجے کیا گیا، جس کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔

کیمپ پر حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت طاہر شمبانی، غلام شریف شمبانی اور پیر بخش شمبانی کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی ہونے والوں میں ریزغ شمبانی اور حفظ اللہ شمبانی شامل ہیں، تمام متاثرہ افراد کا تعلق شمبانی قبیلے سے ہے۔

واقعے کے فوری سیکیورٹی فورسز نے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا اور نامعلوم حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔

دوسری جانب سابق وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے امن فورس کے اہلکاروں پر حملے کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

خیال رہے کہ رواں سال جون میں بلوچستان کے مختلف حصوں میں لیویز اہلکار سمیت 6 شہریوں کو جاں بحق کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: لیویز فورس کی تنظیمِ نو کا منصوبہ منظور

یاد رہے کہ صوبہ بلوچستان کافی عرصے سے بدامنی کا شکار ہے، جس میں بیرونی مداخلت اور پاکستان مخالف قوتوں کا کافی عنصر نظر آتا ہے۔

تاہم ان عناصر اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مختلف آپریشن کیے جارہے ہیں، جس میں ہزاروں دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جاچکا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں