راولپنڈی : شمالی وزیرستان میں جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے 7 جوانوں کی نماز جنازہ جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ادا کردی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نمازِ جنازہ کے بعد شہدا کے جسد خاکی فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں کو روانہ کردیے گئے جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں : شمالی وزیرستان: دہشت گردوں سے مقابلے میں افسر سمیت 7 فوجی شہید

شہدا میں شامل کیپٹن جنید کو مری،حوالدارعبدالرزاق کو استور،حوالدارامیرکو گلگت،حوالدار نصیر کو چلاس ،حوالدار آصف کو ضلع خانیوال،سپاہی سمیع اللہ کو گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ میں جبکہ سپاہی انور جان کو گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں پاک فوج نے ایک کارروائی کے دوران سرحد پار کر کے پاکستان میں داخل ہونے والے 9 دہشت گردوں ہلاک کردیا تھا جبکہ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے افسر سمیت 7 جوان شہید ہوگئے تھے۔

شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ردالفساد کے دوران سیکیورٹی فورسز کو اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد سرحد پار کر کے پاکستان میں داخل ہوئے ہیں اور ایک کمپاؤنڈ میں چھپے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کادھماکا،ایف سی اہلکارجاں بحق،3زخمی

یاد رہے کہ پاک فوج کی جانب سے گزشتہ برس ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ردالفساد کا آغاز کیا گیا تھا۔

آپریشن کے دوران بلوچستان اور وزیرستان سمیت قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کو شدید نقصان پہنچایا گیا تاہم مختلف مواقع پر دہشت گردوں کی جانب سے فورسز پر حملے بھی کیے گئے۔

تبصرے (0) بند ہیں