‘دیدن‘ نئی نسل کو ڈرامے دیکھنے پرآمادہ کرنے میں کامیاب جائے گا؟

23 ستمبر 2018
صنم سعید نے ڈرامے میں ریشم کا کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ
صنم سعید نے ڈرامے میں ریشم کا کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ

ویسے تو پاکستانی ڈرامے اپنی مثال آپ ہوتے ہیں، جو نہ صرف بڑی عمر اور درمیانے عمر کے افراد کے لیے دلچسپی کا باعث رہے ہیں۔

تاہم گزشتہ ایک دہائی سے جہاں دیگر ڈیجیٹیل پلیٹ فارمز آگے آئے ہیں، وہیں پاکستان کی نئی نسل ٹی وی ڈراموں سے دور بھی ہوئی ہے۔

لیکن آنے والے ڈرامہ سیریل ‘دیدن’ کے ڈائریکٹر امین اقبال چاہتے ہیں کہ نئی نسل ان کے ڈرامے کے ذریعے واپس پاکستانی ڈراموں کو دیکھنے کے لیے آمادہ ہوں۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے امین اقبال نے بتایا کہ وہ ان کے ڈرامے ‘دیدن’ کی پوری ٹیم سوشل میڈیا پر ڈرامے کی خوبصورت تصاویر اور ویڈیو کلپس شیئر کرکے نئی نسل کو متوجہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

امین اقبال کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان کی نئی نسل ‘نیٹ فلیکس’ جیسے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو چھوڑ کر واپس اپنے ٹی وی ڈرامے دیکھے۔

ڈرامہ ڈائریکٹر کے مطابق نئی نسل کو متوجہ کرنے کے لیے ہی وہ اور ان کی ٹیم سوشل میڈیا پر متحرک دکھائی دیتی ہے اور انہیں امید ہے کہ ان کا ڈرامہ نئی نسل کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ‘دیدن’میں ریشم کی بغاوت

انہوں نے ڈرامے کی کہانی کے حوالے سے بتایا کہ‘دیدن’ کی کہانی ریشم نامی کردار کے گرد گھومتی ہے اور اس میں ملک کے دیہی قبائلی علاقہ جات کی رسم رواج کو دکھایا گیا ہے۔

امین اقبال نے واضح کیا کہ ڈرامے کی کہانی کسی حقیقی واقعے پر نہیں بلکہ فکشن پر مبنی ہے۔

ڈرامہ ڈائریکٹر کے مطابق انہوں نے حالیہ ڈراموں کی طرح ساس اور بہو کے قصوں کے بجائے منفرد قسم کی کہانی کو منتخب کیا، تاکہ نئی نسل کو واپس ٹی وی ڈرامے دیکھنے پر آمادہ کیا جائے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ‘دیدن’ نہ صرف ان کے لیے بلکہ صنم سعید اور محب مرزا جیسے اداکاروں کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔

خیال رہے کہ اس ڈرامے کے ذریعے محب مرزا 4 سال کے وقفے بعد چھوٹی اسکرین پر واپسی کر رہے ہیں۔

ڈرامے میں محب مرزا اور صنم سعید نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں، جب کہ دیگر کاسٹ میں عجب گل سمیت دیگر بڑے اداکار شامل ہیں۔ ڈرامے کے ٹریلر نے پہلے ہی سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں