آسٹریلیا کے بعد نیوزی لینڈ میں بھی اسٹرابیری سے سوئیاں نکلنے کے واقعات

23 ستمبر 2018
اسٹرابیری میں چھپی ہوئی 
 سوئی برآمد— فوٹو : نیوز ڈاٹ کام  آسٹریلیا
اسٹرابیری میں چھپی ہوئی سوئی برآمد— فوٹو : نیوز ڈاٹ کام آسٹریلیا

ویلینگٹن : آسٹریلیا میں اسٹرابیری میں چھپی ہوئی سوئیاں نکلنے کے واقعات کے بعد ان خوفناک اسٹرابیری نے نیوزی لینڈ کا رخ کرلیا ہے۔

خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ میں ایک سپر مارکیٹ تنظیم نے بتایا کہ آسٹریلیا سے درآمد کی گئیں اسٹرابیریز کے ایک ڈبے میں سے اسٹرابیریز میں سوئیاں نکلیں۔

کاؤنٹ ڈاؤن سپرمارکیٹ کا کہنا تھا کہ آک لینڈ میں واقع سپر اسٹور میں اسٹرابیری کے ڈبے سے سوئی برآمد کیے جانے کے بعد انہوں نے آسٹریلیا کے اسٹرابیری برانڈ کی فروخت روکتے ہوئے اسے مارکیٹ سے ہٹادیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کی جنوبی ریاست کی اسٹرابیری گزشتہ ہفتے کاؤنٹ ڈاؤن کے اسٹورز میں فروخت کی گئی تھیں اور صرف ایک واقعہ رپورٹ کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں : آسٹریلیا: اسٹرابیری سے سوئیاں نکلنے پر عوام خوف کا شکار

کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ ’ ہم غذا کی حفاظت کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں۔‘انہوں نے مزید کہا کہ حکام کی جانب سے اسٹرابیری میں سوئیاں چھپائے جانے سے متعلق تحقیقات کی جارہی ہیں۔

کاؤنٹ ڈاؤن نے صارفین کو ہدایت کی وہ اسٹرابیری کو کھانے سے پہلے کاٹ لیں، انہوں نے مزید کہا کہ ’ صارفین اپنے گھروں میں موجود اسٹرابیری کے کسی بھی برانڈ کو اپنے ذہنی سکون کی خاطر واپس کرسکتے ہیں اور انہیں اسٹرابیری کی پوری قیمت ادا کی جائے گی۔

ان کے بیان کے مطابق نیوزی لینڈ میں اس واقعے سے کسی فرد کے زخمی ہونے یا بیماری کی کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسٹرابیری کےجس برانڈ میں اب سوئیاں نکلی ہیں، قبل ازیں اس برانڈ میں اس طرز کا مسئلہ نہیں ہوا تھا اور نہ ہی آسٹریلیا میں اس برانڈ کی فروخت روکی گئی تھی۔

رواں ماہ کے آغاز میں کوئنز لینڈ ریاست میں اسٹرابیری میں سوئیاں نکلنے کے تقریباً 100 سے زائد واقعات رپورٹ کیے گئے تھے جن میں سے اکثر واقعات کو سوشل میڈیا پر ایک مذاق سمجھا گیا لیکن کم از کم دو افراد سے پولیس نے پوچھ گچھ کی تھی۔

کاؤنٹ ڈاؤن کی مرکزی کپمنی وول ورتھس آسٹریلیا نے احتیاطی اقدامات کے تحت سوئیوں کی فروخت روک دی ہے تاکہ ایک جیسے واقعات کے سلسلے میں پولیس صحیح مجرم کو تلاش کرسکیں۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا میں اسٹرابیری کے 6 مختلف برانڈز ڈونی بروک بیریز، لوبیری، ڈیلائٹ فل اسٹرابیری ، اوایسس، بیری ابسیشن اور بیری لیشییس میں چھپی ہوئی سوئیوں کے شواہد پائے گئے تھے۔

آسٹریلیا کی مختلف ریاستوں میں اسٹرابیری میں سوئیوں کی موجودگی کے شواہد ملنے کے بعد عوام میں تشویش و خوف کی لہر دوڑ گئی تھی تاہم کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی تھیں۔

آسٹریلیا کے وفاقی وزیر صحت گریگ ہنٹ نے نیشنل فوڈ سیفٹی کو کوئنز لینڈ میں اسٹرابیری میں سوئیاں چھپائے جانے کے واقعات کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

علاوہ ازین کوئنزلینڈ ریاست کی حکومت نے اسٹرابیری میں مبینہ سوئیاں چھپانے والے مجرم کی اطلاع دینے والے شخص کے لیے ایک لاکھ آسٹریلوی ڈالر (72 ہزار امریکی ڈالر) انعام کا اعلان بھی کیا۔

نیوزی لینڈ کے دو بڑے فوڈ ڈسٹری بیوٹرز نے اسٹرابیری میں چھپی سوئیوں کے خوف کے پیشِ نظر آسٹریلوی اسٹرابیری کی خرید و فروخت نہ کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں