اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے تمام میگا پروجیکٹس میں شفافیت، بہتر کارکردگی اور اعلیٰ میعار برقرار رکھنے کے حکومتی عزم کو دہراتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ تمام منصوبوں کو وقت پر مکمل کیا جائے گا تاکہ ان کی لاگت میں اضافہ نہ ہو۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مراد سعید کا کہنا تھا کہ ان کی وزارت نے 60 یوم کی مدت میں 'ای ٹینڈرنگ' اور 'ای بلنگ سسٹم' کو متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ملک میں احتساب اور شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 6 میگا ترقیاتی پروجیکٹس کا تیسرے فریق سے آڈٹ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ ان منصوبوں کی لاگت میں اربوں روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا ترقیاتی منصوبوں کیلئے مختص رقم میں 250 ارب روپے کٹوتی کا فیصلہ

انہوں نے بتایا کہ دیگر 34 منصوبوں کا، جن میں تاخیر کے سبب لاگت میں اضافہ ہوا ہے، جائزہ لے کر ذمہ دار افراد کو سزا دی جائے گی۔

مراد سعید نے بتایا کہ وزیراعظم کی سادگی مہم کے پیشِ نظر ان کی وزارت نے 42 لگژری گاڑیاں اور 177 دیگر گاڑیاں فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے ان کی مرمت اور دیکھ بھال پر خرچ ہونے والے 30 لاکھ روپے کی بچت ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ 2 گیسٹ ہاؤسز کو بطور سیرگاہ عام عوام کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے انہیں نجی شعبے کے تعاون سے ترقی دی جائے گی۔

مزید پڑھیں: خراب منصوبہ بندی کس طرح پشاور کو تباہی کی طرف لے جا رہی ہے؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں گیسٹ ہاؤسز کے سامنے جھیل کو واٹر اسپورٹس اور ریونیو حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا، جبکہ قومی شاہراہوں اور موٹرویز سے تجاوزات کے خاتمے اور زمین واگزار کروانے کی مہم کا بھی جلد آغاز کیا جائے گا۔

وزیر مواصلات کا مزید کہنا تھا کہ ان کی وزارت، وزیر اعظم کے ایک ارب درختوں کے منصوبے کا حصہ ہے جس میں دیگر فریقین کے تعاون سے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ ان درختوں کی بقا کو یقینی بنایا جاسکے۔

مستقبل میں شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ تمام منصوبے آپریشن اینڈ ٹرانسفر کی بنیاد پر سرکاری و نجی تعاون سے شروع کیے جائیں گے جن میں زرعی ترقی، سیاحت کے فروغ اور ماحولیاتی تحفظ کو مقدم رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کا 'منی بجٹ' ماضی کے دعووں کی روشنی میں

ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کے آغاز سے ہنر مند افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جس سے وزیراعظم کے ایک کروڑ نوکریاں فراہم کرنے کے ارادے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ ان کی وزارت 45 دن کے اندر ایک موبائل ایپلِکیشن جاری کرے گی جس میں تمام ترقیاتی منصوبوں کی لاگت، دورانیہ، تکمیل کی مدت اور فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلات موجود ہوں گی۔

خیال رہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی بھی ’پاسبان‘ نامی ایک ایپلکیشن متعارف کروانے کا ارادہ رکھتی ہے جس سے ملک بھر میں مسافروں کو موسم اور سڑکوں کے حالات کی رہنمائی میسر آئے گی اور ان کا سفر مزید آرام دہ اور محفوظ رہے گا۔


یہ خبر 24 ستمبر 2018 کو ڈان اٰخبار میں شائع ہوئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں