راولپنڈی: اڈیالہ جیل سے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی رہائی کے بعد مسلم لیگ(ن) کو 14 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں اپنی پوزیشن دوبارہ حاصل کی امید ہے۔

نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کی رہائی سے قبل اسلام آباد، راولپنڈی، ٹیکسلا اور اٹک میں ہونے والے ضمنی انتخابات مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی انتخابی مہم سست روی کا شکار تھی اور یہ مہم مختلف علاقوں میں صرف ملاقاتوں کی حد تک محدود تھی۔

تاہم اب اس میں کچھ تیزی آئی ہے اور این اے 60 سے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار سجاد خان نے راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں گھر، گھر جا کر مہم کا آغاز کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کو 10، مریم نواز کو 7 سال قید بامشقت

اس حوالے سے مسلم لیگ(ن) کے ایک سینئر رہنما نے ڈان کو بتایا کہ یہ پیش گوئی کرنا کہ ان کی جماعت جیتے کی مشکل ہے لیکن سابق وزیر اعظم اور ان کی بیٹی کی رہائی نے کارکنوں کو متحرک کردیا ہے۔

انہوں نےکہا کہ اس سے قبل نواز شریف کی قیادت کی غیر موجودگی کے باعث مقامی قیادت اور کارکنان ضمنی انتخابات کی مہم میں دلچسپی نہیں لے رہے تھے اور صرف سینیٹر چوہدری تنویر، سجاد خان کی مدد کر رہے تھے، تاہم نواز شریف کی رہائی کے بعد دیگر قیادت نے بھی مہم میں حصہ ملانا شروع کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے 25 جولائی کے عام انتخابات کی مہم کے دوران شہر کا دورہ تک نہیں کیا۔

مسلم لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کی رہائی کے بعد مقامی کارکنان نے مریم نواز سے رابطہ کیا ہے، اگرچہ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کے دورے کی باقاعدہ طور پر کوئی اطلاع نہیں لیکن اس بات کا امکان ہے کہ وہ جلد ہی شہر کا دورہ کریں گے اور کارکنوں سے ملیں گے۔

مسلم لیگ(ن) کے رہنما سہیل خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور مریم نواز کے دورے کا انتظار ہے کیونکہ ان کا دورہ انتخابی مہم کی رفتار کو تیز کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں مسلم لیگ(ن) کے امیدوار کی شکت کی وجہ یہ تھی کہ 2018 کے عام انتخابات میں مقامی رہنما صحیح طریقے سے مہم چلانے میں ناکام رہے تھے۔

اس حوالے سے جب مسلم لیگ(ن) کے سابق ایم این اے ملک ابرار سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور مریم نواز کی رہائی نے ضمنی انتخابات کے لیے مہم کی رفتار کو تیز کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اڈیالہ جیل سے رہائی، نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر لاہور پہنچ گئے

انہوں نے کہا کہ جلد ہی پارٹی قیادت ان شہروں کا دورہ کرے گی اور کارکنان سے ملے گی، تاہم اس حوالے سے ابھی تک نواز شریف نے باقاعدہ ہدایت نہیں کی ہیں۔

لیگی رہنما نے دعویٰ کیا کہ 3 مہینوں کے دوران اپنے وعدوں سے یو ٹرن لینے پ عوام حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں اور لوڈشیڈنگ میں اضافہ، پانی کا بحران اور سیاسی انتقام آئندہ دنوں میں حکمران جماعت کو نقصان پہنچائے گا اور عوام حکومتی ناقص پالیسیوں کے خلاف اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

john abbasi Sep 24, 2018 12:53pm
No suggestion but appreciation as get to read each and every thing especially I'm glade that we get health tip (toatakay) ::)))