’والد کبھی اپنا کام گھر نہیں لائے‘

24 ستمبر 2018
بولی وڈ اداکار ابھیشیک بچن نے اپنے بچپن اور بیٹی کی تربیت کے حوالے سے بات کی —فوٹو/اسکرین شاٹ
بولی وڈ اداکار ابھیشیک بچن نے اپنے بچپن اور بیٹی کی تربیت کے حوالے سے بات کی —فوٹو/اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکار ابھیشیک بچن نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنے بچن اور اب اپنی بیٹی کی تربیت کے حوالے سے بات کی۔

اداکار کا اس انٹرویو میں کہنا تھا کہ ان کے والدین کا کیریئر کبھی ان کی ذاتی زندگی پر اثر انداز نہیں ہوا۔

42 سالہ ابھیشیک نے کہا کہ ’والد کبھی اپنے کام کو گھر نہیں لائے، میں نے پہلی مرتبہ انہیں کاسٹیوم پہنے گھر آتے تب دیکھا تھا جب وہ اپنی فلم انسانیت کی شوٹنگ کررہے تھے، اس کے علاوہ ہماری تربیت انڈسٹری کے اسٹار کڈز جیسی نہیں کی گئی‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’گھر میں کسی فلم میگزینز کو لانے کی اجازت نہیں تھی، ہمیں بہت عرصے تک فلم انڈسٹری کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا، ہماری ایک عام زندگی تھی‘۔

ابھیشیک کے مطابق ’جب میں چھوٹا تھا ہمارے گھر کے بارے مداحوں کی بڑی تعداد موجود رہتی تھی، مجھے ایسا لگتا تھا جیسے ہر کسی کے گھر کے باہر 500 لوگ موجود ہوتے ہیں، یہ میرے لیے عام بات تھی‘۔

یاد رہے کہ ابھیشیک بچن نے سال 2000 میں فلم ’ریفیوجی‘ کے ساتھ کیریئر کی شروعات کی، اس فلم میں کرینہ کپور خان نے بھی ڈیبیو کیا تھا۔

ان کی شادی 2007 میں اداکارہ ایشوریا رائے کے ساتھ ہوئی، ان کی بیٹی ارادھیا 9 سال کی ہے۔

ابھیشیک کا ماننا ہے کہ اب چیزیں کافی تبدیل ہوچکی ہیں اور وہ کوشش کررہے ہیں کہ اپنی بیٹی کی تربیت بھی ویسی ہی کریں جیسی ان کی ہوئی تھی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اب ایسی کسی فلم کا حصہ نہیں بننا چاہتے جسے دیکھ کر ان کی بیٹی مطمئن نہ ہو۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اور ایشوریا اپنی بیٹی کے ہر فیصلے میں اس کا ساتھ دینے کے لیے بھی تیار ہیں۔

خیال رہے کہ ابھیشیک کی فلم ’من مرضیاں‘ حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے، جس میں ان کی اداکاری کو خوب سراہا جارہا ہے۔

وہ بہت جلد اپنی اہلیہ کے ہمراہ فلم گلاب جامن میں بھی کام کرتے نظر آئیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں