کریم نے بھارت کی ماس ٹرانسپورٹیشن کمپنی کمیوٹ خرید لی

24 ستمبر 2018
کمیوٹ بسوں کے علاوہ مختلف قسم کی گاڑیوں کے ذریعے سفری سہولیات فراہم کرتی ہے—فوٹو: کمیوٹ فیس بک
کمیوٹ بسوں کے علاوہ مختلف قسم کی گاڑیوں کے ذریعے سفری سہولیات فراہم کرتی ہے—فوٹو: کمیوٹ فیس بک

آن لائن سفری سہولیات فراہم کرنے والی مشرق وسطیٰ کی کمپنی ‘کریم’ نے آبادی کے لحاظ سے دنیا کے دوسرے بڑے ملک کی آن لائن ماس ٹرانسپورٹیشن کی سہولیات فراہم کرنے والی ایپ خرید لی۔

کریم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مشرق وسطیٰ کی کمپنی نے بھارت کی آن لائن سفری سہولیات فراہم کرنے والی تیسری بڑی ایپ ‘کمیوٹ’ کو خرید لیا۔

بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ کریم نے بھارتی آن لائن ایپلی کیشن کو کتنی مالیت میں خریدا، تاہم بتایا گیا کہ ‘کمیوٹ’ کے ذریعے 100 روٹس پر بسیں اور دیگر گاڑیاں چلتی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘کمیوٹ’ کو 2015 میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) میں گریجوئیشن کرنے والے 6 طالب علموں نے بنایا تھا اور اب تک اس ایپ کے ذریعے گاڑیوں نے 70 ہزار بار سفر کیا ہے۔

تفصیلات میں مزید بتایا گیا کہ اس ایپ کے ذریعے 50 ہزار کارکنان عوام کو سفری سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور اس ایپ کو برطانیہ کی آئل فرم شیل سمیت دیگر اداروں کا تعاون حاصل تھا۔

خیال رہے کہ ‘کمیوٹ’ ایپ کے ذریعے صرف بھارتی ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کی بڑی بسیں اور دیگر گاڑیاں سفری سہولیات فراہم کرتی ہیں۔

اس ایپ کے ذریعے حیدرآباد شہر کے 100 روٹس پر چلنے والی بسیں اور دیگر گاڑیاں سفری سہولیات فراہم کرتی ہیں۔

امریکی کاروباری نشریاتی ادارے ‘بلوم برگ’ نے اپنی رپوٹ میں بتایا کہ اگرچہ کریم نے ‘کمیوٹ’ کو خریدنے کی رقم نہیں بتائی،تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کا سودہ کم سے کم 2 ارب ڈالر یا اس سے زائد رقم میں ہوا ہوگا۔

کریم نے بھارت کی اس ایپ کو ایک ایسے وقت میں خریدا ہے، جب کہ اسے خریدنے کے لیے امریکی کمپنی ‘اوبر’ کوششیں کر رہی تھی۔

رپورٹ کے مطابق ‘اوبر’ اور ‘کمیوٹ’ کے درمیان گزشتہ ہفتے سے مذاکرات جاری تھے، تاہم اب اسے ‘کریم’ نے خرید لیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں