‘منٹو’ پاکستان میں ریلیز نہ ہونے سے شائقین افسردہ

اپ ڈیٹ 26 ستمبر 2018
فلم کو 21 ستمبر کو ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
فلم کو 21 ستمبر کو ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

برصغیر کے عظیم افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی زندگی پر بنائی گئی بولی وڈ فلم ‘منٹو’ کو یوں تو 21 ستمبر کو بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کردیا گیا۔

تاہم حیران کن طور پر اس فلم کو پاکستان میں ریلیز نہیں کیا گیا۔

اگرچہ فلم کی ریلیز کی تاریخ سے قبل ہی پاکستان کے کئی سینما گھروں میں جلد ریلیز ہونے والی فلموں میں‘منٹو’ کے پوسٹرز آویزاں کردیے گئے تھے، تاہم فلم کو 21 ستمبر کو ریلیز نہیں کیا گیا۔

منٹو کو پاکستان میں ریلیز نہ کیے جانے پر کئی فلمی شائقین افسردہ ہیں اور انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ پاکستان کے عظیم لکھاری کی زندگی پر بنی فلم کو کیوں ریلیز نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ‘منٹو’ کو بھارت کے کئی شہروں میں نمائش میں مشکلات درپیش

تاہم پاکستان کے فلم سینسر بورڈ کا کہنا ہے کہ اس فلم کی نمائش کی اجازت کے لیے ان سے کسی بھی فلم ڈسٹری بیوٹر کمپنی نے رابطہ نہیں کیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جہاں ‘منٹو’ کو ریلیز نہ کرنے پر فلمی شائقین پریشان ہیں، وہیں فلم سینسر بورڈ کا کہنا ہے کہ اس کی نمائش کی اجازت کے لیے کسی نے بھی رابطہ نہیں کیا۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے فلم سینسر بورڈ کے چیئرمین دانیال گیلانی نے اس بات کی تصدیق کی کہ اتفاق سے ‘منٹو’ کے حوالے ان سے کسی بھی فلم ڈسٹری بیوٹر نے رابط نہیں کیا۔

علاوہ ازیں سندھ کے فلم سینسر بورڈ کے ذرائع نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ انہیں ایٹریم سینما کی انتظامیہ نے بتایا کہ انہیں کسی بھی فلم ڈسٹری بیٹر نے‘منٹو’ کو ریلیز کرنے کے حوالے سے نہیں بتایا۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کسی بولی وڈ فلم کو کسی ڈسٹری بیوٹر نے پاکستان میں ریلیز ہی نہ کیا ہو، اس سے قبل بھی ‘راضی’ سمیت دیگر چند فلموں کو ڈسٹری بیوٹرز نے ملک میں ریلیز نہیں کیا۔

مزید پڑھیں: منٹو کی بیٹیوں کیلئے والد پر بنی فلم کی ممبئی میں نمائش

خیال رہے کہ ‘منٹو’ کی ہدایات اداکارہ و ڈائریکٹر نندیتا داس نے دی ہیں، اس فلم میں نوازالدین صدیقی نے سعادت حسن منٹو کا کردار ادا کیا ہے، جب کہ راسیکا دگل نے ان کی اہلیہ کا کردار نبھایا ہے۔

فلم نے ریلیز کے بعد اگرچہ کم کمائی کی ہے، تاہم اسے رواں برس کانز اور ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا گیا تھا۔

‘منٹو’ کی نمائش کے موقع پر ان کی دو بیٹیوں کو نندیتا داس نے خصوصی دعوت پر بھارت بلایا تھا۔

نندیتا داس نے سعادت حسن منٹو کی بیٹیوں کے لیے ممبئی میں فلم کی خصوصی اسکریننگ کا اہتمام بھی کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں