سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان نے مکہ اور مدینہ کو ملانے والی 7.87 ارب ڈالر مالیت کی تیز رفتار ریل حرمین ایکسپریس کا افتتاح کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 450 کلومیٹر پر بچھی ہوئی ریلوے لائن مکہ ، جدہ، کنگ عبدالعزیز ائرپورٹ اور مدینہ کو آپس میں منسلک کرے گی۔

مشرق وسطیٰ میں یہ ٹرانسپورٹ کا اب تک کا سب سے بڑا الیکٹرک منصوبہ ہے جس میں تقریباً 6 کروڑ افراد سالانہ سفر کریں گے۔

برق رفتار ریل مکہ اور جدہ کے درمیان 21 منٹ، جدہ سے کنگ عبدالعزیز ائرپورٹ تک 14 منٹ، کنگ عبدالعزیز ائرپورٹ سے رابغ تک 36 منٹ اور رابغ سے مدینہ تک 61 منٹ کا راستہ کم ہو کر مختصر رہ جائے گا۔

مکہ اور مدینہ کے درماین راستہ 2 گھنٹوں پر محیط ہوگا جو سڑک کے ذریعے طے ہونے والے سفر کے وقت کا نصف سے بھی کم ہوگا۔

مسافر حرمین ایکسپریس کی ویب سائٹ سے اگلے ماہ سے ٹکٹ کی بکنگ کرسکیں گے اور اس کے لیے ایپ بھی بنائی جائے گی جبکہ کرایہ ریل کی کلاس کے مطابق رکھا جائے گا اور کم سے کم کرایہ 20 سعودی ریال ہوگا۔

ریل کے افتتاح کے بعد دو ماہ تک کرایے میں 50 فیصد کی کمی کی پیش کش ہوگی جس کا آغاز اکتوبر سے ہوگا۔

حرمین ریلوے کے کمرشل آپریشنز کا آغاز اگلے ہفتے سے کیا جائے گا۔

سعودی عرب کے وزیر ٹرانسپورٹ نبیل الامودہ نے جدہ اسٹیشن میں افتتاحی تقریب کے دوران اپنے خطاب میں کہا مکہ اور مدینہ کے درمیان مسافت اب کم اور پہلے سے آسان ہوگئی ہے، یہ منصوبہ سعودی عرب کی اسلام اور مسلمانوں کے لیے خدمت کے وعدے کی عکاسی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے 2 سال قبل اقتصادی اصلاحات کا اعلان کیا گیا تھا۔

ہر سال کروڑوں افراد مکہ اور مدینہ حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے جاتے ہیں۔

حج اور عمرے کی سعادت کے لیے دنیا بھر سے آئے مسلمانوں سے سعودی عرب کو اربوں ڈالر کا کاروبار ہوتا ہے۔

اس نئی ریلوے لائن کی تعمیر ایک ہسپانوی کمپنی نے کی ہے اور اب اس ریل کے ذریعے مکہ اور مدینہ کے درمیان سفر کا وقت آدھا ہوجائے گا۔

پروجیکٹ مینیجر محمد فتح اللہ کا کہنا تھا کہ اس ٹرین کے ذریعے سعودی و دیگر غیر ملکی افراد کو تیز اور آرام دہ سفر میسر ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اس ٹرین میں مسافر انتہائی پر سکون ماحول میں سفر کریں گے جہاں انہیں کتابیں اور میگزینز فراہم کیے جائیں گے جبکہ بزنس کلاس میں وہ اسکرینز دیکھ سکیں گے، کافی پی سکیں گے یا ہلکی پھلکی غذا کھا سکیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں