بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے علاقے امار کالونی میں ایک شخص نے 25 سالہ وکیل کا ریپ کرنے کی کوشش کی۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق خاتون وکیل پارک میں شام کو چہل قدمی کے لیے گئی تھیں جہاں ان کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ انہیں 23 ستمبر کو پارک میں شام 7.30 بجے کے قریب جنسی طور پر ہراساں کیا گیا۔

مزید پڑھیں: ’مجھے پہلی مرتبہ 7 سال کی عمر میں جنسی طور پر ہراساں کیا گیا‘

ان کا کہنا تھا کہ وہ امر کالونی میں قائم کیلاش ہلز پارک میں چہل قدمی کرنے گئی تھیں جہاں انہیں ایک نامعلوم شخص نے پیچھے سے دبوچ کر ریپ کرنے کی کوشش کی۔

خاتون وکیل کا کہنا تھا کہ انہوں نے ملزم کو پکڑ کر اسے مارنے کی کوشش کی لیکن ملزم ان پر حملہ کرتے ہوئے دیوار پھلانگ کر بھاگ گیا۔

متاثرہ خاتون نے اپنے فیس بک پر واقعے کے حوالے سے لکھتے ہوئے دہلی کی پولیس پر بھی سنگین نوعیت کے الزامات لگائے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ واقعے کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کئی گھنٹوں تک درج نہیں کی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے کا مقدمہ اس وقت درج ہوا جب انہوں نے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) سے بات کی اور اسے اپنے بارے میں بتایا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: نن سے ریپ کے الزام میں گرفتار پادری کی ضمانت مسترد

دہلی پولیس کی جانب سے بھارتی پینل کوڈ کی دفعہ 376 کے تحت مقدمہ درج کیا۔

خاتون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ ’یہ انتہائی شرمناک ہے کہ دہلی کی پولیس اس طرح کے سنگین معاملات پر اتنی لاپرواہی برتتی ہے‘۔

بعد ازاں متاثرہ خاتون نے پولیس کے ہمراہ جائے وقوع کا دورہ کیا جہاں انہیں ملزم دوبارہ نظر آیا۔

خاتون کی نشاندہی پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں