بلوچستان: دہشت گردوں سے مقابلہ، 2 فوجی شہید، 4 دہشت گرد ہلاک

شہید میرعالم کا تعلق گلگت بلتستان اور وارث سبحان کا تعلق جھنگ سے تھا—فوٹو:آئی ایس پی آر
شہید میرعالم کا تعلق گلگت بلتستان اور وارث سبحان کا تعلق جھنگ سے تھا—فوٹو:آئی ایس پی آر

بلوچستان کے ضلع قلات میں خفیہ اطلاع کی بنیاد کی گئی کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے مقابلے میں پاک فوج کے دو سپاہی شہید جبکہ 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضلع قلات میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قلات میں منگھوچر کے علاقے میں دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جہاں دو سپاہی زخمی بھی ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ شہید اہلکاروں کی شناخت سپاہی وارث سبحان اور سپاہی میر عالم کے نام سے ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں:شمالی وزیرستان: دہشت گردوں سے مقابلے میں افسر سمیت 7 فوجی شہید

شہید سپاہی وارث سبحان کا تعلق پنجاب کے ضلع جھنگ اور شہید میرعالم کا تعلق گلگت بلتستان کے ضلع غذر سے تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج کو اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد صوبے میں دہشت گردی کی بڑی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران 2 خود کش جیکٹس کے علاوہ بھاری تعداد میں بارودی مواد، اسلحہ اور دیگر مواد برآمد ہوا ہے۔

یاد رہے کہ 22 ستمبر کو شمالی وزیرستان میں پاک فوج نے ایک کارروائی کے دوران سرحد پار کر کے پاکستان میں داخل ہونے والے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے افسر سمیت 7 جوان شہید ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:شمالی وزیرستان میں شہید پاک فوج کے جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا

شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ردالفساد کے دوران سیکیورٹی فورسز کو اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد سرحد پار کر کے پاکستان میں داخل ہوئے ہیں اور ایک کمپاؤنڈ میں چھپے ہیں۔

اس اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے غرلامئی اور سپیرا کنر الگاڈ میں آپریشن کرتے ہوئے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کیپٹن جنید سمیت 7 جوان شہید ہو گئے تھے۔

شہادت کے مرتبے پر فائز ہونے والوں میں حولدار عامر، حولدار عاطف، حولدار ناصر، حولدار عبدالرزاق، سپاہی سمیع اور سپاہی انور شامل تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں