اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ نجی ٹی وی چینلز کو آف ائیر کرنے پر کیبل آپریٹرز کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔

سینیٹ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس کے دوران میڈیا پر سنسرشپ کے معاملے پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آنجہانی عاصمہ جہانگیر نے اس معاملے پر سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی تھی۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں آزادی صحافت پر قدغن لگائی جارہی ہے، سی جے پی

فرحت اللہ بابر نے کہا کہ پہلی بار اس حساس معاملے پر بات کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی تمام آئی جیز کو خط لکھے گی جس میں ’چینلز آف ایئر کرنے والے کیبل آپریٹرز کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کی جائے گی‘۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے میڈیا سینسر شپ کے حوالے سے مزید کہا کہ ٹی وی چینلز کی اسکرولنگ بھی کنٹرول کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میڈیا کی آزادی محدود کرنے کی کوششوں پر سی پی این ای کا اظہار تشویش

انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ یہ معاملہ ختم نہیں ہوگا بلکہ ہو سکتا ہے مزید بڑھے، تاہم اسے صرف اس کمیٹی تک محدود نہ کیا جائے۔

انہوں نے تجویز دی کہ سینسرشپ کے معاملے پر پورے ایوان بالا پر مشتمل کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جانا چاہیے۔

فرحت اللہ بابر کا مزید کہنا تھا کہ کمیٹی ایک رپورٹ تیار کرکے چیئرمین سینیٹ کو دے اور چیئرمین سینیٹ سے مل کر یہ معاملہ متعلقہ اداروں کے سامنے ان کیمرا اجلاس میں زیر بحث لایا جائے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ آزادی اظہارِ رائے کے لیے ایک پارلیمانی کمیٹی بھی تشکیل دی جائے۔

سینسرشپ کا معاملہ، آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی پر تشویش ہے، سینیٹ کمیٹی

چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے سینسرشپ معاملے میں آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کردیا۔

اجلاس کے دوران چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے اظہارِ آزادی رائے پر پابندی لگانے سے متعلق باتیں سامنے آ رہی ہیں، اور میڈیا کے لوگوں پر دباؤ بھی ڈالا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فرائض انجام دینے والے صحافیوں کے لیے ماحول خراب سے خراب تر ہوتا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: آئی پی آئی کا سرکاری میڈیا سے سیاسی سینسر شپ کے خاتمے کا خیر مقدم

انہوں نے مزید کہا کہ آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی پر تشویش ہے جبکہ سیاسی جماعتوں نے بھی میڈیا پر دباؤ کی بات اٹھائی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ میڈیا پر دباؤ سے متعلق حقائق سامنے آئے چاہیئں۔

اس موقع پر پاکستان براڈ کاسٹ ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے رکن درید قریشی کا کہنا تھا کہ ’ہم بات کرتے ہیں تو ٹی وی چینلز آف ایئر کردیے جاتے ہیں‘۔

تبصرے (0) بند ہیں