اسلام آباد : قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 37 حلقوں میں انتخابات سے قبل پی پی 27 (جہلم تھری) کے ریٹرننگ افسران (آراو ) نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے جرم میں دو وفاقی وزرا کو نوٹسز جاری کردیے۔

آراو خورشید عالم کے دستخط شدہ نوٹس کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم غلام سرور خان نے انتخابی امیدوار راجا شاہنواز کے ہمراہ حلقہ پی پی 27 کا دورہ کیا اور کھیوڑہ ، پنڈ دادن خان میں عوامی اجتماعات سے مختلف ترقیاتی اسکیموں سے متعلق وعدے کیے۔

الیکش کمیشن کے نوٹس کے مطابق ’ وفاقی وزرا کا دورہ الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 233 اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے جس کے تحت جس حلقے میں الیکشن ہونا ہو وہاں وزرا کے دورے ، اعلانات یا ترقیاتی اسکیموں کے افتتاح کی اجازت نہیں۔‘

نوٹس میں مزید کہا گیا کہ صدرِ مملکت ، وزیراعظم ، سینیٹ چیئرمین یا ڈپٹی چیئرمین ، اسپیکر یا ڈپٹی اسپیکر اسمبلی ، وفاقی وزرا، وزیر مملکت ، گورنرز، وزرائے اعلیٰ، صوبائی وزرا اور وزیراعظم اور وزرائے اعلیٰ کے مشیر ، میئر ان کے ڈپٹی یا دیگر سرکاری افسران انتخابی مہم میں کسی بھی طریقے سے حصہ نہیں لے سکتے۔

فواد چوہدری اور غلام سرور خان نے انتخابی امیدوار کے حلقے کا نہ صرف دورہ کیا بلکہ علاقے میں ترقی کے وعدے بھی کیے۔

مزید پڑھیں : ضمنی انتخابات: مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی مشترکہ امیدوار لانے پر متفق

نوٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ ’پولنگ کے دن تک وزرا متعلقہ حلقے میں اعلانیہ یا خفیہ طور پر کوئی افتتاح یا ترقیاتی اسکیم سے متعلق وعدہ یا اعلان نہیں کرسکتے جو سیاسی جماعت یا انتخابی امیدوار کی حمایت یا مخالفت کرتے ہوئے انتخابی نتائج پر اثر انداز ہوسکے۔

نوٹس کے مطابق حکومتی افسران کو متعلقہ حلقے کے کسی ادارے سے وعدے کرنے، عطیات دینے کی اجازت نہیں ہوگی۔

نوٹس میں دونوں وفاقی وزرا اور انتخابی امیدوار کو 9 اکتوبر کو صبح 11 بجے ریٹرننگ افسران نے ذاتی حیثیت یا کونسل کے ہمراہ طلب کیا گیا ہے۔

جس میں وفاقی وزرا سے مذکورہ معاملے میں آئین کے آرٹیکل 204 اور الیکشن ایکٹ 2017 اور 2018 کی دیگر شقوں پر عمل درآمد نہ کرنے سے متعلق وضاحت طلب کی گئی ہے۔

نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر وفاقی وزا اور انتخابی امیدوار ریٹرننگ افسران کےسامنے پیش نہیں ہوئے تو مذکورہ معاملہ ضرروی کارروائی کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان بھیجا جائے گا۔

وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم غلام سرور خان نے ڈان کو بتایا کہ وہ اس حلقے میں اپنی وزارت سے منسلک ڈپارٹمنٹ کے دورے کے لیے گئے کیونکہ وہاں کے ملازمین اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو مختلف شکایات تھیں جن کا سدباب ضروری تھا۔

یہ بھی پڑھیں : ضمنی انتخابات: قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 37 نشستوں کیلئے 380 امیدوار

ان کا کہنا تھا کہ ان کی وزارت کا ایک ریسٹ ہاؤس بھی اس علاقے میں قائم ہے اس لیے وہاں جانا اور کچھ دیر کے لیے رکنا غیر معمولی نہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری وہاں اچانک پہنچے کیونکہ وہ ان کا آبائی علاقہ ہے اور ان کا انتخابی حلقہ بھی اسی علاقے میں ہے ، یہ محض ایک اتفاق تھا۔‘

ایک سوال کے جواب میں غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ انتخابی امیدوار راجا شاہنواز وہاں موجود نہیں تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ میڈیا نے خبریں شائع کیں جس کی وجہ سے آر او نے نوٹس لیا ، ہم اپنی پوزیشن واضح کریں گے، ہمیں امید ہے یہ معاملہ حل ہوجائے گا۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 7 اکتوبر 2018 کو شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں