کنگنا رناوٹ کو سنجیدگی سے لینا مشکل ہے، سونم کپور

08 اکتوبر 2018
بولی وڈ کی دو نامور اداکاراؤں کے درمیان ایک بیان کے بعد لفظی جنگ کا آغاز ہوگیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
بولی وڈ کی دو نامور اداکاراؤں کے درمیان ایک بیان کے بعد لفظی جنگ کا آغاز ہوگیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

ہولی وڈ کے بعد بولی وڈ میں بھی کئی خواتین می ٹو مہم کا حصہ بن کر اپنی کہانیاں سامنے لارہی ہیں، ان میں سے ایک کنگنا رناوٹ بھی ہیں جنہوں نے حال ہی میں نامور ہدایت کار وکاس بہل پر انہیں ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا۔

جس کے بعد کئی بولی وڈ اداکاراؤں نے کنگنا رناوٹ کے اس الزام پر اپنی رائے کا اظہار کیا، جن میں ایک اداکارہ سونم کپور اہوجا بھی تھیں۔

سونم کپور حال ہی میں ووگ وی دی وومن سمٹ کا حصہ بنیں، جہاں اداکارہ سے کنگنا اور وکاس کے حوالے سے سوال کیا گیا۔

اس پر سونم کپور کا کہنا تھا کہ ’کنگنا تو کنگنا ہیں، وہ بہت کچھ بولتی ہیں اور کبھی کبھی انہیں سنجیدگی سے لینا مشکل ہوجاتا ہے، لیکن مجھے ان کی یہ عادت بہت پسند ہے کہ وہ جو سوچتی ہے وہ بولتی ہے، مجھے اس مسئلے کا معلوم نہیں لیکن جو بھی لکھا ہے اگر اس میں حقیقت ہے تو یہ بہت ہی بدتر بات ہے، اور اگر اس میں حقیقت ہے تو انہیں سزا بھی ضرور ملنی چاہیے‘۔

مزید پڑھیں: سونم کپور کا ٹوئٹر چھوڑنے سے قبل آخری پیغام

بعدازاں کنگنا رناوٹ نے ایک انٹرویو کے دوران سونم کپور کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال کیا کہ ’سونم کپور کا یہ کہنے کا کیا مطلب تھا کہ کنگنا کو سنجیدگی سے لینا مشکل ہے؟‘

کنگنا نے مزید کہا کہ ’جب میں اپنی می ٹو کہانی سب کے ساتھ شیئر کررہی ہوں تو سونم کو کس نے یہ حق دیا کہ وہ ایسی بات کریں، کیا سونم کے پاس لائسنس ہے کہ وہ کچھ خواتین پر بھروسہ کریں اور کچھ پر نہیں، انہیں میرے الزامات پر بھروسہ کیوں نہیں؟ لوگ جانتے ہیں کہ میں کس طرح کے بیانات دیتی ہوں، میں کئی انٹرنیشنل سمٹس میں اپنے ملک کی نمائندگی کرچکی ہوں‘۔

انہوں نے سونم کپور کو مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’مجھے میرے والد کی وجہ سے نہیں پہچانا گیا، کئی سالوں کی محنت اور جدوجہد کے بعد میں نے یہ مقام حاصل کیا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: کنگنا رناوٹ کا فلم ہدایت کار پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام

کنگنا نے اپنے غصے کا مزید اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’سونم کپور کو اچھی اداکارہ بھی نہیں مانا جاتا تھا، نہ ہی کبھی ان کا شمار اچھے اسپیکرز میں کیا گیا، ان فلمی شخصیات کا کیا حق بنتا ہے کہ یہ میرا مذاق اڑائیں؟ میں ان سب کو تباہ کردوں گی‘۔

یاد رہے کہ کنگنا رناوٹ نے ایک انٹرویو کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ بولی وڈ ہدایت کار وکاس بہل نے انہیں 4 سال قبل فلم ‘کوئین’ کی شوٹنگ کے دوران جنسی طور پر ہراساں کیا۔

ساتھ ہی کنگنا رناوٹ نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ وکاس بہل نے 2015 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘بمبے ویلوٹ’ کی شوٹنگ کے دوران اپنی فلم پروڈکشن کمپنی ‘فینٹوم’ کی خواتین ملازموں کو بھی جنسی طور پر ہراساں کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں