اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن کی درخواست پر قومی اسمبلی کا اجلاس 17 اکتوبر کو طلب کر لیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس 17 اکتوبر کو دن 11 بجے ہوگا۔

اجلاس اپوزیشن کی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا ہے اور شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد مسلم لیگ (ن) نے 90 ارکان کے دستخطوں کے ساتھ اجلاس طلب کرنے کی ریکوزیشن جمع کرائی تھی۔

شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری

اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر بھی جاری کر دیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایوان میں اپوزیشن لیڈر کی موجودگی ضروری ہے لہٰذا شہباز شریف کی اجلاس میں شرکت کو یقینی بنایا جائے اور گرفتاری تک قومی اسمبلی کے ہر اجلاس میں اپوزیشن لیڈر کو ایوان میں لایا جائے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان مسلم لیگ (ن)، جمعیت علمائے اسلام (ف) اور جماعت اسلامی کے اراکین کے وفد نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں اسپیکر اسد قیصر سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی اور شہباز شریف کی گرفتاری سے متعلق بات چیت کی۔

اپوزیشن اراکین نے اسپیکر قومی اسمبلی سے اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری پر ایوان زیریں کا اجلاس بلانے اور ان کے حفاظتی احکامات جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن اراکین کو یقین دلایا تھا کہ آئندہ 14 روز میں اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری پر ایوان کا اجلاس بلایا جائے گا جبکہ اس معاملے میں حفاظتی احکامات بھی جاری کیے جائیں گے۔

مسلم لیگ (ن) نے شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف 11 اکتوبر کو قومی اسمبلی کے باہر احتجاجی اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس جمعرات، 11 اکتوبر کی سہ پہر 3 بجے قومی اسمبلی کے گیٹ نمبر ایک پر ہو گا۔

اعلامیے کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کا یہ اجلاس سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے طلب کیا۔

شہباز شریف کو 6 اکتوبر کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس کی تفتیش کے سلسلے میں 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر قومی احتساب بیورو (نیب) کے حوالے کردیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں