’بدھائی ہو‘ اب تک کی سب سے صاف ستھری فلم‘

11 اکتوبر 2018
فلم ’بدھائی ہو‘ رواں سال 19 اکتوبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم ’بدھائی ہو‘ رواں سال 19 اکتوبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکار آیوشمن کھرانہ کا کہنا ہے کہ ان کی جلد ریلیز ہونے والی فلم ‘بدھائی ہو’ ان کے کیریئر کی اب تک کی سب سے زیادہ صاف ستھری فلم ہے جبکہ اس سے قبل وہ کئی متنازع موضوعات پر مبنی فلموں میں جلوہ گر ہوچکے ہیں۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اداکار کا کہنا تھا کہ ’لوگ میرے بارے میں ایسا سوچنے لگے ہیں کہ میں ان ہی فلموں میں کام کرتا ہوں جن میں مردوں کے مسائل پر بات کی جاتی ہے، تاہم میری یہ فلم میرے کیریئر کی اب تک کی سب سے صاف ستھری فلم ہے‘۔

خیال رہے کہ آیوشمان کھرانہ کی فلم ’وکی ڈونر‘ اور ’شبھ منگل ساودھان‘ کافی بولڈ موضوعات پر مبنی تھیں۔

فلم ’بدھائی ہو‘ کی کہانی ایک ایسے ادھیڑ عمر جوڑے کے گرد گھومتی ہے جو دوبارہ والدین بننے والے ہوتے ہیں۔

فلم میں اس جوڑے کا کردار اداکار گجراج راؤ اور نینا گپتا نے ادا کیا، جبکہ آیوشمان کھرانہ نے نینا گپتا کے بڑے بیٹے کا کردار ادا کیا ہے، جبکہ سنیا ملہوترا آیوشمان کی گرل فرینڈ بنی ہیں۔

’بدھائی ہو‘ کا ٹریلر بھی حال ہی میں ریلیز ہوا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے اس فلم کو بولڈ قرار دیتے ہوئے فیملی کے ساتھ بیٹھ کر نہ دیکھنے کے سوالات اٹھائے۔

اس پر اداکار نے کہا کہ ’ضروری نہیں ہے کہ آپ یہ فلم دیکھتے ہوئے بچوں کو سمجھائیں، یہ ایک فیملی انٹرٹینگ فلم ہے، جسے سب دیکھ سکتے ہیں‘۔

اداکار نے مزید کہا کہ ’اگر میرے ساتھ حقیقت میں بھی ایسا ہوتا تو میں شرمندہ محسوس کرتا، لیکن آخر میں یہ فیصلہ والدین کا ہوتا ہے‘۔

حال ہی میں فلم کی تشہیر کے لیے پروڈکشن ٹیم نے 50 حاملہ خواتین کی گود بھرائی کی ایک تقریب بھی منعقد کی تھی، جس میں فلم کے تمام اسٹارز نے شرکت کی۔

فلم ’بدھائی ہو‘ رواں سال 19 اکتوبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں