الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ملک بھر میں جاری ضمنی انتخابات کے لیے تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گنتی کے عمل سے دور رہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاک آرمی، پاکستان رینجرز، فرنٹیئر کور، فرنٹیئر کانسٹبلری، لیویز فورسز، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو کوڈ آف کنڈکٹ جاری کردیا گیا ہے جس میں ان کے لیے ہدایات جاری دی گئی ہیں۔

کوڈ آف کنڈکٹ کے مطابق سیکیورٹی اہلکار گنتی کا عمل مکمل ہونے تک پولنگ اسٹیشن کا ماحول پرامن رکھے گا یہاں تک گنتی کے عمل میں کوئی شکایت سامنے نہ آئے ‘اس صورت میں اہلکار کو اپنے انچارج افسر کو فوری طور پر مطلع کرنا ہوگا جو پریزائیڈنگ افسر کے خلاف کارروائی کے لیے ریٹرننگ افسر یا سیکریٹری الیکشن کمیشن کو آگاہ کرے گا’۔

سیکیورٹی اہلکاروں کو کہا گیا ہے کہ وہ پولنگ اسٹیشن کے اندر سے پریزائیڈنگ افسر کے حکم کے بغیر کسی کسی فرد کو گرفتار نہ کریں۔

کوڈ آف کنڈکٹ میں کہا گیا ہے کہ وہ شفاف ضمنی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے پاک فوج اور دیگر فورسز کو مدد کے لیے دیے گئے مینڈیٹ اور قانون کے مطابق اپنے فرائض انجام دیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی اہلکار امن و عامہ کو برقرار رکھنے اور پولنگ بیگزا اور دیگر ذرائع کی ترسیل اور ریکارڈ کو ریٹرننگ افسر تک پہنچانے کے دوران پریزائڈنگ افسر کی سیکیورٹی کے لیے اپنی ذمہ داریاں مینڈیٹ کے مطابق ادا کریں۔

یہ بھی پڑھیں:ضمنی انتخابات: قومی اسمبلی کی 11، صوبائی اسمبلی کی 24 نشستوں پر پولنگ جاری

کوڈ آف کنڈکٹ کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کو لازم ہے کہ وہ الیکشن کے عمل کے دوران عام طور پر اور ووٹنگ کے عمل کےدوران خاص طور پر غیرجانبدار رہیں، وہ کسی جماعت یا امیدوار کے خلاف یا حق میں کسی صورت کوئی کام نہ کریں اور پولنگ اسٹیشنوں میں بلاتعطل ووٹنگ کے عمل کو پرامن بنانے کے لیے پریزائیڈنگ افسر سے مکمل طور پر تعاون کریں۔

سیکیورٹی اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں داخل ہونے سے قبل ہر ووٹر کو چیک کریں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی بھی فرد اپنے ساتھ اسلحہ، بارودی مواد اور موبائل فون سمیت انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے والے تمام چیزوں کو پولنگ اسٹیشن کے اندر نہ لایا جاسکے۔

ضمنی انتخابات کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں کو اپنے فرائض کے حوالے سے کہا گیا کہ ہر امیدوار کے ایک ایجنٹ کو پولنگ بوتھ میں موجود رہنے کی قانونی اجازت ہے اور گنتی کےعمل سے تمام پولنگ ایجنٹس کو باخبر رکھنا ضروری ہے اور انہیں پریزائیڈنگ افسر سے فارم 45 و 46 کی کاپی کے حصول کی اجازت ہوگی اسی طرح وہاں موجود مندوبین کو بھی یہ فارم فراہم کیے جاسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:الیکشن کمیشن کا ضمنی انتخابات 14 اکتوبر کو کروانے کا اعلان

پولنگ اسٹیشن کے اندر دوران ڈیوٹی سیکیورٹی اہلکاروں کو متعلقہ پریزائیڈنگ افسر کی جانب سے الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسران کو نتائج بھیجنے کے لیے فارم 45 کی تصاویر اور رزلٹ ٹرانسمیشن سٹیم (آر ٹی ایس) میں نتائج دینے کے لیے رابطے میں رہنا ہوگا اور آرٹی ایس میں کوئی تیکنیکی خرابی کی صورت میں پریزائیڈنگ افسر پولنگ اسٹیشن میں بیٹھا انتظار نہ کرے اور پولنگ ریکارڈ کے ہمرا فوری طور پر ریٹرننگ افسر کے دفتر چلاجائے۔

سیکیورٹی اہلکاروں کو جاری ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ مندوبین اور میڈیا کے اہلکاروں کو پولنگ اسٹیشن میں مختصر وقت کے لیے داخلے کی اجازت ہوگی، میڈیا کے نمائندوں کو ووٹنگ کے عمل کی فوٹو بنانے کے لیے کیمرے لے جانے کی اجازت ہوگی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں