آلوک ناتھ کی ’ریپ’ الزامات کے خلاف عدالت میں درخواست دائر

15 اکتوبر 2018
اداکار نے اپنے اوپر لگے الزامات کو جھوٹا قرار دے دیا—فائل فوٹو: ہندوستان ٹائمز
اداکار نے اپنے اوپر لگے الزامات کو جھوٹا قرار دے دیا—فائل فوٹو: ہندوستان ٹائمز

بولی وڈ فلموں اور ہندی ڈراموں کے معروف اداکار آلوک ناتھ پر رواں ماہ 9 اکتوبر کو کھاری، پروڈیوسر اور ہدایت کار ونتا نندا نے ‘ریپ’ کا الزام عائد کیا تھا۔

ونتا نندا کا دعویٰ تھا کہ 90 کی دہائی میں بننے والے ڈرامے ’تارا‘ کی شوٹنگ کے دوران آلوک ناتھ نے انہیں ‘ریپ’ کا نشانہ بنایا۔

ساتھ ہی ونتا نندا نے آلوک ناتھ پر اسی ڈرامے کی اداکارہ نونین نشان کو بھی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

وننتا نندا کے بعد 11 اکتوبر کو مزید 2 اداکاراؤں نے بھی 62 سالہ اداکار پر ‘ریپ’ اور ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔

’اینگری انڈین گوڈس‘ اور پیج تھری‘ جیسی فلموں میں اداکاری کرنے والی اداکارہ سندھیا مردل نے الزام عائد کیا تھا کہ کیریئر کے آغاز میں آلوک ناتھ نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا۔

اداکارہ کا دعویٰ تھا کہ آلوک ناتھ نے انہیں شوٹنگ ٹیم کے سامنے بھی ہراساں کیا، یہاں تک کہ انہوں نے ان کے کمرے، ڈریسنگ روم اور باتھ روم میں گھس کر ان کے ساتھ نازیبا حرکتیں کیں، تاہم انہیں ہر بار ٹیم کے کسی نہ کسی شخص نے بچایا۔

سندھیا مردل کے علاوہ اداکارہ دپیکا امین نے بھی ان پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

دپیکا امین کے مطابق آلوک ناتھ کے حوالے سے ہر کوئی جانتا تھا کہ وہ شراب پی کر خواتین کا استحصال کرنے کے عادی ہیں، تاہم ان کے خلاف کوئی بات نہیں کرتا تھا۔

اداکارہ نے دعویٰ کیا آلوک ناتھ نے ان کے کمرے میں بھی زبردستی گھس کر ان کے ساتھ نازیبا حرکت کرنے کی کوشش کی، تاہم انہیں شوٹنگ ٹیم نے بچایا۔

خواتین کی جانب جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات لگائے جانے کے بعد اب آلوک ناتھ نے عدالت میں مقدمہ دائر کردیا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق آلوک ناتھ پر لکھاری، پروڈیوسر اور فلم ساز خاتون ونتا نندا کی جانب سے ریپ الزامات لگائے جانے کے بعد اداکار کی بیوی اپنے شوہر کو بچانے کے لیے سامنے آگئیں۔

رپورٹ کے مطابق آلوک ناتھ کی اہلیہ اشو ناتھ نے اپنے شوہر پر ریپ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ممبئی کی مقامی عدالت میں درخواست دائر کردی۔

آلوک ناتھ کی اہلیہ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ پولیس کو ریپ الزامات کی تحقیقات کا حکم دے۔

ساتھ ہی درخواست میں ونتا نندا پر جھوٹا الزام لگانے پر ہتک عزت کا دعویٰ بھی دائر کیا گیا ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ آلوک ناتھ اور ان کے خاندان کو پیسے نہیں چاہیے، تاہم وہ جھوٹا الزام لگانے والی ونتا نندا سے ہتک عزت کے تحت ایک روپیہ چاہتے ہیں۔

علاوہ ازیں ہندوستان ٹائمز نے اپنی ایک اور رپورٹ میں بتایا کہ جہاں آلوک ناتھ نے پہلی ہی ونتا نندا کی جانب سے ریپ کے الزامات کو مسترد کیا تھا۔

اب وہیں انہوں نے سائن اینڈ ٹی وی آرٹسٹ ایسوسی ایشن (سنتا) کی جانب سے موصول ہونے والے شوکاز نوٹس کا جواب دیتے ہوئے اپنے اوپر لگے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔

آلوک ناتھ کے وکیل اشوک سرگئی نے سنتا کے شوکاز نوٹس کا جواب دیتے ہوئے اداکار پر لگے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔

تبصرے (0) بند ہیں