‘مجھے بھی 21 سال کی عمر میں جنسی ہراساں کیا گیا’

اپ ڈیٹ 16 اکتوبر 2018
ثاقب سلیم اداکارہ ہما قریشی کے بھائی ہیں—فوٹو: سائن فنڈ
ثاقب سلیم اداکارہ ہما قریشی کے بھائی ہیں—فوٹو: سائن فنڈ

بولی وڈ میں گزشتہ ماہ 26 ستمبر سے اداکارہ تنوشری دتہ کی جانب سے اداکار نانا پاٹیکر پر جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا الزام لگانے کے بعد اب تک کئی اداکاروں نے اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر بات کی ہے۔

‘می ٹو’ مہم کے تحت جہاں اب تک ہدایت کار وکاس بہل، سبھاش گھائے، ساجد خان اور اداکار آلوک ناتھ جیسی شخصیات پر اداکاراؤں کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا الزام لگ چکا ہے۔

وہیں ایک کامیڈین اداکارہ کنیز سرکا نے بھی ساتھ اداکارہ ادیتی متل پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

اسی طرح لوگوں نے اداکار آدھیان ثمن سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھی اداکارہ کنگنا رناوٹ کی جانب سے 2 سال قبل جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے واقعے کی سچائی ایک بار پھر سامنے لائیں، تاہم انہوں نے فی الحال اس واقعے پر بات کرنے سے معزرت کرلی۔

یوں 14 اکتوبر کو سیف علی خان نے بھی انکشاف کیا کہ انہیں بھی کیریئر کے آغاز میں 25 سال قبل ہراساں کیا گیا، تاہم انہوں نے وضاحت کی کہ انہیں جنسی طور پر ہراساں نہیں کیا گیا تھا۔

ثاقب سلیم نے ہراساں کرنے والے کا نام نہیں بتایا—فوٹو: زی نیوز
ثاقب سلیم نے ہراساں کرنے والے کا نام نہیں بتایا—فوٹو: زی نیوز

تاہم اب اداکارہ ہما قریشی کے بھائی اور ایکشن فلم ‘ریس تھری’ میں سلمان خان کے بھائی کا کردار ادا کرنے والے اداکار ثاقب سلیم نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھی 21 سال کی عمر میں جنسی طور پر ہراساں کیا گیا۔

ہندوستان ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں ثاقب سلیم نے انکشاف کیا کہ کیریئر کے آغاز میں جب وہ فلم کے لیے انٹرویو دینے کے لیے پہنچیں تو انٹرویو لینے والی تین رکنی ٹیم میں شامل ایک مرد نے ان کے ساتھ سب کے سامنے نازیبا حرکت کی۔

ثاقب سلیم نے بتایا کہ وہ اس شخص کا نام نہیں لینا چاہتے، تاہم وہ اس وقت کم عمر اور نئے تھے، اس وجہ سے اپنے ساتھ ہونے والے اس واقعے سے وہ ڈر گئے۔

اداکار نے یہ بھی نہیں بتایا کہ وہ کس فلم کے لیے انٹرویو دینے گئے تھے اور ان کا انٹرویو کرنے والے تین رکنی پینل میں شامل دیگر 2 افراد کون تھے اور ان کا اس واقعے پر کیا رد عمل تھا؟

تاہم اداکار نے بتایا کہ انہیں یہ جان کر حیرانی ہوئی کہ انٹرویو لینے والا شخص اس طرح کا ہے، انہوں نے اپنے ساتھ ہونے والے واقعے کو اپنے لیے اذیت ناک قرار دیا اور کہا کہ وہ کم عمری میں ایسے واقعے پر ڈر گئے تھے۔

ثاقب سلیم نے مزید بتایا کہ انہوں نے اپنے ساتھ ایسی نازیبا حرکت کرنے والے کو وہیں کھری کھری سنادی اور انہیں بتایا کہ وہ ایسے نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ 30 سالہ ثاقب سلیم نے 2011 میں فلم ‘مجھ سے فرینڈ شپ کروگی’ سے کیریئر کا آغاز کیا۔

اب تک وہ 10 کے قریب فلموں میں جلوہ گر ہوچکے ہیں اور وہ اپنی بہن اداکارہ ہما قریشی کے ساتھ بھی ایک فلم‘ریس تھری’میں کام کرچکے ہیں۔

’ریس تھری’ میں انہوں نے سلمان خان کے بھائی سورج کا کردار ادا کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں