ابوظہبی میں پاکستان کے 282رنز، سرفراز اور فخر سنچریوں سے محروم

اپ ڈیٹ 16 اکتوبر 2018
آسٹریلوی کھلاڑی اسد شفیق کو آؤٹ قرار دینے کی اپیل کر رہے ہیں — فوٹو، اے ایف پی
آسٹریلوی کھلاڑی اسد شفیق کو آؤٹ قرار دینے کی اپیل کر رہے ہیں — فوٹو، اے ایف پی

ابو ظہبی: کپتان سرفراز احمد اور پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو مکمل تباہی سے بچا لیا اور پاکستان کی ٹیم دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 282رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جس کے جواب میں آسٹریلین ٹیم بھی صرف 20رنز پر دو کھلاڑیوں سے محروم ہو گئی ہے۔

شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو کچھ اچھا ثابت نہ ہوا۔

مزید پڑھیں: فخرزمان پاکستان کے بدقسمت کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل

پاکستان کی ٹیم ابتدا میں ہی دباؤ کا شکار نظر آئی اور 5 کے مجموعی اسکور پر شارٹ لیگ پر کھڑے مارنس لبوشین کی عمدہ کاوش نے مچل اسٹارک کی گیند پر محمد حفیظ کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

تجربہ کار اظہر علی اور فخر زمان نے دوسری وکٹ کی شراکت پر 52 رنز کا اضافہ کیا، تاہم اس موقع پر آسٹریلین کپتان نے اسپنرز کو متعارف کرانے کا فیصلہ کیا جو پاکستان کے لیے تباہ کن ثابت ہوا۔

نیتھن لایون نے اپنے چوتھے اوور میں اظہر کو آؤٹ کرنے کے بعد اگلی ہی گیند پر ہی حارث سہیل کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔

اسد شفیق نے لایون کو ہیٹ ٹرک سے تو محروم رکھا لیکن دوسری ہی گیند پر وہ بھی شارٹ لیگ پر کھڑے مارنس لبوشین کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

اس مشکل صورتحال میں بابر اعظم وکٹ پر پہنچے لیکن دوسری ہی گیند پر ایک انتہائی غیرذمے دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے باؤلڈ ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ابوظہبی ٹیسٹ میں شائقین کے لیے داخلہ مفت ہو گا

57رنز پر ایک کھلاڑی سے محروم ٹیم بغیر کسی اضافے کے چار وکٹیں گنوا بیٹھی اور آدھی ٹیم آؤٹ ہونے کے بعد کپتان سرفراز احمد کی میدان میں آمد ہوئی۔

تجربہ کار کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد اپنا پہلا میچ کھیلنے والے فخر زمان اور کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کو سہارا دیا اور 100 سے زائد رنز کی شراکت قائم کی۔

فخر زمان 94 رنز بنانے کے بعد نروس نائنٹیز کا شکار نظر آئے اور اس گھبراہٹ میں وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے اس اننگز کے دوران 8چوکے اور ایک چھکا لگایا اور چھٹی وکٹ کے لیے سرفراز کے ہمراہ 147رنز جوڑے۔

بلال آصف نے حالات کی نزاکت کو نہ سمجھا اور صرف 12رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

ضرور پڑھیں: ’میرے اور مکی آرتھر کے درمیان اب کوئی اختلافات نہیں‘

کپتان سرفراز نے یاسر شاہ کے ہمراہ اسکور کو 247تک پہنچایا ہی تھا کہ وہ بھی نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر 94رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد یاسر شاہ کے 28رنز کے باوجود آسٹریلیا کو پاکستان کی بساط لپیٹنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور پوری ٹیم 282رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لایون نے 4 اور لبوشین نے 3وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا نے اننگز کا آغاز کیا تو گزشتہ میچ کے ہیرو عثمان خواجہ صرف تین رنز بنانے کے بعد محمد عباس کی گیند پر سرفراز کے خوبصورت کیچ کی بدولت پویلین لوٹنے پر مجبور ہو گئے۔

مزید پڑھیں: 'کوبرا سانپ' نے انگلش کرکٹ ٹیم کی پریکٹس میں خلل ڈال دیا

دن کے اختتام کو مدنظر رکھتے ہوئے آسٹریلیا نے نائٹ واچ مین پیٹر سڈل کو بھیجا لیکن دن کی آخری گیند پر محمد عباس نے ان کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔

جب میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے دو وکٹوں کے نقصان پر 20رنز بنائے تھے اور اسے پاکستان کا پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 262رنز درکار ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان اور فاسٹ باؤلر میر حمزہ ڈیبیو کر رہے ہیں جبکہ گزشتہ میچ کے اسکواڈ سے امام الحق اور وہاب ریاض ٹیم سے باہر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: افغان کھلاڑی کے ایک ہی اوور میں 6 چھکے، ورلڈ ریکارڈ برابر

ادھر آسٹریلیا نے کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور کپتان ٹم پین نے پہلے ٹیسٹ میچ کی ٹیم کو ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے 2 میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کے اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو یقینی فتح سے دور کردیا تھا اور میچ ڈرا ہوگیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں