میڈیا کی مدد کے بغیر میں آج اس مقام پر نہیں ہوتا، وزیر اعظم

17 اکتوبر 2018
حکومت اخبارات کو پوری طرح مدد فراہم کرے گی— فائل فوٹو
حکومت اخبارات کو پوری طرح مدد فراہم کرے گی— فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی حکومت اخبارات کو پوری طرح مدد فراہم کرے گی تاکہ وہ طویل عرصے سے جاری اپنے مسائل کو حل کرسکیں۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی (اے پی این ایس) کے وفد سے ملاقات کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ پرنٹ میڈیا کے تمام بقایا جات کی جلد ہی ادائیگی کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: ’میڈیا سے متعلق قانون سازی میں تمام فریقین سے مشاورت کی جائے‘

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت سے ورثے ملنے والے بقایا بلوں کی ادائیگی کے ذریعے اخباری صنعت کے مالی دباؤ کو کم کرنے کے لیے ایک حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت پرنٹ میڈیا کی حمایت کرے گی کیونکہ اس صنعت نے ملک میں جمہوریت کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ان کے اقتدار میں آنے سے متعلق میڈیا کے کردار کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ ذرائع ابلاغ کی مدد کے بغیر میں اس مقام پر نہیں ہوتا‘۔

قبل ازیں اے پی این ایس وفد کے اراکین نے عمران خان کو وزیر اعظم بننے پر مبارک باد دی اور انہیں اخبارات کو پیش آنے والے مسائل سے آگاہ کیا۔

شکایتی سیل

دوسری جانب عمران خان کی ہدایت پر وزیر اعظم ہاؤس میں عوام کی شکایات کو حل کرنے کے ایک خصوصی ونگ جلد کام کا آغاز کردے گا۔

اس حوالے سے ایک الگ اجلاس میں وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ 2 روز میں شکایتی سیل کا قیام عمل میں لائیں، تاکہ اس کا باقاعدہ افتتاح آئندہ ہفتے کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: غیر جانبدار اور آزاد میڈیا ملک کے لیے ضروری ہے، وزیر اعظم

جس کا اصل مقصد شکایتیں وصول کرنا اور اسے متعلقہ وزارتوں اور محکموں تک پہنچانا ہوگا اور وزیر اعظم عمران خان خود اس شکایتی سیل کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔

اس شکایتی سیل میں 40 ٹیلی فون لائن ہوں گی، جس کے ذریعے عوام شکایات درج کراسکیں گے جبکہ ذرائع کے مطابق بذریعہ ای میل اور واٹس ایپ بھی شکایات درج کرائی جاسکیں گی۔


یہ خبر 17 اکتوبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں