کریمیا: کالج پر حملے میں 17 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2018
کیرچ کالج حادثے  کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے—فوٹو : اے ایف پی
کیرچ کالج حادثے کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے—فوٹو : اے ایف پی

روس سے الحاق شدہ جزیزہ نما ملک کریمیا کے علاقے میں ووکیشنل کالج میں ایک حملے کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس 'اے پی' کی رپورٹ کے مطابق روسی حکام کا کہنا تھا کہ کریمیا کے علاقے کیرچ میں واقع کالج میں بارودی مواد پھٹنے سے ہلاکتیں ہوئیں بعد ازاں انہوں نے کہا کہ کیرچ کے ٹیکنیکل کالج میں فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔

روسی تفتیش کاروں کے مطابق ایک 18 سالہ طالب علم واقعہ کا ذمہ دار تھا جس نے بعد ازاں اپنی جان بھی لے لی، طالب علم کی شناخت ولاديسلاف روسلياكوف کے نام سے ہوئی۔

مزید پڑھیں : کریمیا کے فیصلے کا روسی خیر مقدم

تفتیشی کمیٹی کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی کیمرہ میں حملہ آور کو رائفل کے ساتھ کالج میں داخل ہوتے اور طلبا پر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

حملے کے بعد مقامی حکام نے جزیرہ نما کریمیا میں ایمرجنسی نافذ کردی، انہوں نے 19 کلومیٹر طویل پل پر بھی سیکیورٹی تعینات کردی، جو روس کو کریمیا سے ملاتا ہے اور رواں برس کے آغاز میں ہی آمدوروفت کے لیے کھولا گیا تھا۔

روسی وزیر دفاع سرگئی شوگئی کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو ملٹری ہسپتال پہنچانے اور علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے 4 فوجی طیارے بھیجنے کو تیار ہیں۔

ادھر روس کے صدر ولادیمر پیوٹن کے ترجمان نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ حکام کی جانب سے اس دہشت گرد حملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ صدر پیوٹن نے تفتیش کاروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو واقعہ کی تحقیقات کرنے اور ہلاک شدگان کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کی ہدایات جاری کیں۔

عینی شاہدین نے دھماکا خیز مواد سے متعلق کچھ نہیں بتایا لیکن ایک کا کہنا تھا ایک یا اس سے زائد مسلح حملہ آوروں نے اسکول پر حملہ کیا تھا۔

ایک اخبار نے لکھا کہ ’طالب علم سیمیوں گاوریلو نے بتایا کہ وہ لیکچر کے دوران سوگیا تھا اور گولیوں کی آواز سے ان کی آنکھ کھلی'۔

مزید پڑھیں : روسی کی حامی افواج کریمیا کے فضائی اڈے میں داخل

انہوں نے بتایا کہ میں نے کلاس سے باہر دیکھا تو ایک نوجوان رائفل سے لوگوں کو نشانہ بنارہا تھا۔

ووکیشنل کالج کے ڈائریکٹر اولگا گریبنی کووا نے کیرچ نیٹ ٹی وی کو بتایا کہ آٹومیٹک رائفل سے لیس افراد نے کالج پر دھاوا بول کر جسے دیکھا قتل کردیا۔

ایک طالبہ کا کہنا تھا کہ وہ حملے سے کچھ دیر قبل ہی گراؤنڈ سے گئیں تھیں انہوں نے بتایا کہ متاثرین میں طلبا اور اساتذہ شامل تھے۔

خیال رہے کہ کیرچ کی بندرگاہ مشرقی کریمیا میں واقع ہے، جس پر روس قابض ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں