’کیریئر کے عروج پر مردوں کو اہمیت دینا سب سے بڑی غلطی تھی‘

18 اکتوبر 2018
بولی وڈ اداکارہ نینا گپتا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
بولی وڈ اداکارہ نینا گپتا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکارہ نینا گپتا کے کیریئر پر نظر ڈالی جائے تو انہوں نے اپنے دور میں کئی مضبوط کردار ادا کیے، تاہم اداکارہ کا ماننا ہے کہ انہوں نے اپنے کیریئر کے عروج پر کام پر فوکس کرنے کے بجائے ساری اہمیت اپنے لیے اچھا ساتھی ڈھونڈنے کو دی جو ان کی بہت بڑی غلطی تھی۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے اپنے کام کی جانب سے دیہان ہٹا کر اپنا رشتہ بنانے کی خواہش کو زیادہ اہمیت دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں ہمیشہ سے اچھا کام کرنا چاہتی تھی اور مضبوط کرداروں کا حصہ بننا چاہتی تھی، لیکن آج جب میں اپنے ماضی کو دیکھتی ہں تو مجھے احساس ہوتا ہے کہ میں نے مردوں کو زیادہ فوقیت دی جو کہ میری بہت بڑی غلطی تھی، میرا سارا فوکس کیریئر سے ہٹ کر اپنے لیے اچھا ساتھی ڈھونڈنے میں لگ گیا، لیکن آج میں جانتی ہوں کہ خواتین کو مردوں کو اپنی زندگی میں توجہ کا مرکز نہیں بنانا چاہیے‘۔

نینا گپتا کا کہنا تھا کہ ’میں بہت اچھا کام کررہی تھی، لکھنے کے ساتھ ساتھ میں ہدایت کاری اور ڈراموں کی پروڈکشن بھی کررہی تھی، لیکن میں اپنی ذاتی زندگی میں جن مشکلات سے گزری ان کا بہت بڑا اثر میری پروفیشنل زندگی پر بھی پڑا‘۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’خواتین ہونے کی حیثیت سے ہمارے لیے ہمیشہ فیملی، ساتھی اور ذاتی زندگی کی خوشییاں سب سے زیادہ اہم ہوجاتی ہیں اور اس وجہ سے ہم ایسی کئی باتوں کو نظرانداز کردیتے ہیں جو ہمیشہ خوش کرسکتی تھیں۔

تاہم انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اب انہیں احساس ہے کہ وہ ماضی میں بہتر فیصلے کرسکتی تھیں۔

نینا گپتا کا ماننا ہے کہ خواتین کے لیے ابھی بھی اپنی مرضی سے زندگی گزارنا آسان نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے مرد ملنا آج بھی اتنا ہی مشکل ہیں جو خود سے آگے یا برابری کرنے والی خواتین کو برداشت کرسکیں، ایسے مرد آج بھی دنیا میں موجود نہیں اور خواتین کی زندگی ان ہی وجوہات کے باعث ہمیشہ مشکل رہی ہے۔

اداکارہ کے مطابق اگر ہم مضبوط بنیں تو وہ بھی مسئلہ اور اگر نہ بنیں تو یہ بھی ایک مسئلہ ہے، مجھے نہیں لگتا کہ کوئی بھی ایسی خاتون ہوگی جو اپنی زندگی سے پوری طرح مطمئن ہو۔

بھارت میں جاری می ٹو مہم کے حوالے سے نینا گپتا نے کہا کہ ’می ٹو مہم نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا، لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ اس طرح کے واقعات کو ثابت کرنا مشکل ہے، میں نے بھی ایسے کئی واقعات کا سامنا کیا، کئی افراد نے مجھے جنسی ہراساں کرنے کی کوشش کی، لیکن ہم صرف انہیں نظرانداز ہی کرسکتے تھے‘۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ’اگر مردوں کی تربیت صحیح انداز میں کی جائے تو انہیں بدلا جاسکتا ہے، لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ میری عمر کی ماؤں کے خیالات آج بھی اتنے ہی دقیانوسی ہیں‘۔

یاد رہے کہ نینا گپتا نے اپنی اداکاری سے زیادہ ماضی میں اس وقت زیادہ شہرت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی جب ان کا ویسٹ انڈین کرکٹر ویوین رچرڈز سے معاشقہ منظر عام پر آیا، اس کرکٹر سے نینا کا تعلق ایک کھلا راز ہے اور ان دونوں کی بیٹی مسابہ گپتا بھی ہیں جن کا شمار آج بھارت کی نامور ڈیزائنرز میں کیا جاتا ہے۔

64 سالہ اداکارہ صرف فلموں میں ہی نہیں کئی کامیاب ڈراموں کا بھی حصہ بن چکی ہیں، جن میں ’خاندان‘، ’بھارت ایک کھوج‘ اور ’سانس‘ نامی ڈرامے شامل ہیں۔

وہ ’گاندھی‘، ’محافظ‘ اور ’وہ چھوکری‘ جیسی فلموں کا بھی حصہ بن چکی ہیں۔

واضح رہے کہ نینا گپتا طویل عرصے بعد گزشتہ روز ریلیز ہونے والی فلم ’بدھائی ہو‘ میں جلوہ گر ہوئی، فلم کو تجزیہ کاروں کا مثبت ردعمل موصول ہورہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں