قطر نے پاکستان میں ویزا سینٹر کے قیام کا اعلان کردیا جس سے پاکستانیوں کو سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

قطر کے سفارت خانے نے وزارت برائے سمندر پار پاکستانی کو لکھے گئے ایک خط میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی ذوالفقار بخاری کو بتایا کہ قطر کی ریاست نے پاکستان کو ان 8 ممالک میں سے ایک منتخب کیا ہے، جہاں قطر میں کام کرنے کے خواہشمند افراد کی سہولت کے لیے 'قطر ویزا سینٹر' قائم کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ خلیجی ممالک میں ’قطر‘ وہ پہلا ملک بن گیا تھا جس نے ملک میں کافی عرصے سے رہائش پذیر تارکین وطن کو شہریت دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس حوالے سے نیا قانون جاری کرتے ہوئے قطری امیر شیخ تمیم بن حماد التہینی نے حکومت کو ہدایت کی کہ ہر سال 100 تارکین وطن کو شہریت دی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: قطر نے 80 ممالک کے لیے ویزا کی پابندی ختم کردی

اس کے علاوہ قطر میں ملازمت کی غرض سے آئے ہوئے افراد کے لیے وطن واپس جانے سے قبل کفیل کی اجازت لینے کی شرط ختم کردی گئی جس کے بعد اب انہیں ایگزٹ ویزا لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

قبل ازیں اگست 2017 میں قطر نے پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ’آمد پر ویزا‘ کی سہولت متعارف کرائی تھی۔

قطر کی سب سے بڑی ایئرلائن ’قطر ایئرویز‘ کی ویب سائٹ کے ویزے سے متعلق معلومات کے پیج پر لکھا گیا کہ ’نئے قوانین کے مطابق اب پاکستانی شہری آمد پر 30 روز تک کا ویزا حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ وہ ویزے میں 30 روز کی توسیع کی درخواست بھی کر سکتے ہیں۔‘

تبصرے (0) بند ہیں