پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے خلاف 15 رکنی ٹی ٹوئنٹی کے اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں محمد عامر کو باہر کردیا گیا۔

سرفراز احمد ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ نواجوان عماد وسیم کو طویل عرصے بعد ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔

نوجوان وقاص مقصود کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جنہوں نے حال ہی میں نیوزی لینڈ اے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔

بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر وقاص احمد 55 فرسٹ کلاس میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں جہاں انہوں نے 223 وکٹیں حاصل کی ہوئی ہیں۔

مزید پڑھیں: اظہر علی مزاحیہ طریقے سے رن آؤٹ

زمبابوے میں سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران اسکواڈ کا حصہ رہنے والے حارث سہیل اور محمد نواز کو ڈارپ کرتے ہوئے ان کی جگہ عماد وسیم اور بابر اعظم کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستانی اسکواڈ میں سرفراز احمد، محمد حفیظ، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، شاداب خان، شاہین آفریدی، عثمان خان، حسن علی، عماد وسیم، وقاص احمد، فہیم اشرف اور فخر زمان شامل ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 24 اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب 26 اور 28 اکتوبر کو دبئی میں کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ آسٹریلیا تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں