وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے کراچی کی ترقی اور شہر کے فنڈز کے استعمال کی نگرانی سے متعلق دیئے گئے بیان پر سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی کے لیے گورنر کی سربراہی میں ٹاسک فورس صوبائی خود مختاری میں مداخلت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد وفاق براہ راست صوبوں کی خودمختاری میں مداخلت نہیں کرسکتا۔

سندھ کے مُشیر اطلاعات و قانون مرتضی وہاب نے خبردار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آئین شکن اقدامات سے باز رہے۔

مزید پڑھیں: کراچی کے فنڈز کے استعمال کی نگرانی کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ

ترجمان حکومتِ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ آئین میں صوبائی خود مختاری کی حدود متعین ہیں، پی ٹی آئی حکومت کے ایسے ہتھکنڈے صوبوں کے درمیان نفرتوں کو جنم دیں گے۔

بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی غیر آئینی اقدامات سے گریز کرے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی اور شہر کے فنڈز کے استعمال کی نگرانی کے لیے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی بنائی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی کے لیے بنائی گئی اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی جس کی سربراہی گورنر سندھ کریں گے اور کمشنر کراچی صالح فاروقی کراچی کمیٹی کے سیکریٹری ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ہم پاکستان کو سمجھوتے پر نہیں چلاسکتے، فواد چوہدری

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے 6 ارکان کا تعلق کراچی سے ہے،وفاق سے جانے والے فنڈز کراچی میں صحیح طرح سے خرچ نہ ہونے کی شکایت ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو کراچی میں بھرپور نمائندگی دی گئی ہے ، کراچی کی بہتری کے لیے کمیٹی کی سربراہی گورنرسندھ کریں گے۔

تبصرے (1) بند ہیں

riz Oct 19, 2018 04:09am
PTI ki bili bahar aa rahi hai, PTI ka task hi shayad 18th amendment ko khatam karna hai . will be really bad for the cuntry.