دلیپ تاہل نے 70 سے زائد فلموں میں کام کیا ہے—فائل فوٹو: آئی فیرر
دلیپ تاہل نے 70 سے زائد فلموں میں کام کیا ہے—فائل فوٹو: آئی فیرر

بھارت میں ان دنوں ‘می ٹو’ مہم اپنے عروج پر ہے، جس کے تحت کئی خواتین اور اداکارائیں اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے واقعات سامنے لا چکی ہیں۔

اسی مہم کے تحت جہاں خواتین نے خواتین اور مرد حضرات نے مردوں پر ہراساں کرنے کے الزامات لگائے۔

وہیں صحافی خواتین نے بھارتی سیاست دانوں پر بھی جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ریپ کے الزامات لگائے۔

بھارت بھر اور خصوصی طور پر بولی وڈ میں ‘می ٹو’مہم کے بعد اب کئی اداکار خود پر الزام لگنے سے ڈر رہے ہیں اوراس حوالے سے احتیاطی تدابیر بھی اختیار کر رہے ہیں۔

جہاں کچھ دن قبل بولی وڈ کے بولڈ ہیرو عمران ہاشمی نے بولڈ اور رومانٹک سین کرنے سے پہلے اداکاراؤں کے ساتھ کیے گئے کانٹریکٹ میں حفاظتی شق شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اب وہیں فلموں میں زیادہ تر ولن کا کردار ادا کرنے والے سینیئر اداکار دلیپ تاہل نے بھی حفاظتی انتظامات کرلیے۔

نشریاتی ادارے ‘انٹرنیشنل بزنس ٹائم’ کے مطابق دلیپ تاہل نے آنے والی اپنی ایک فلم میں ‘ریپ’ سین شوٹ کرواتے وقت حفاظتی اقدامات کے تحت پہلی بار اداکارہ کے ساتھ تحریری معاہدہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق دلیپ تاہل نے اس شرط پر ہی فلم میں ‘ریپ’ کا سین شوٹ کروایا،جب اداکارہ نے تحریری طور پر یہ معاہدہ کیا کہ شوٹنگ کے دوران ہونے والے کسی بھی طرح کے رویے سے انہیں کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق دلیپ تاہل نے فلم کے سین میں ‘ریپ’ کا نشانہ بننے والی اداکارہ سے سین شوٹ کروانے سے پہلے اور بعد میں تحریری طور پر یہ لکھوایا کہ انہیں اس دوران کسی طرح کی کوئی پریشانی نہیں ہوئی اور انہوں نے تمام شوٹنگ اپنی مرضی سے کروائی۔

ساتھ ہی بتایا گیا کہ دلیپ تاہل نے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ‘ریپ’ سین شوٹ کی ایک مختصر ویڈیو بھی ریکارڈ کروائی، تاکہ مستقبل میں اگر ان پر کوئی الزام لگے تو وہ اسے ثبوت کے طور پر پیش کر سکے۔

رپورٹ کے مطابق اداکار دلیپ تاہل اگرچہ فلم میں ریپ کا سین ہی نہیں کرنا چاہتے تھے، تاہم انہیں بتایا کہ فلم کے لیے اس سین کا شوٹ ہونا لازمی ہے،جس کے بعد وہ تیار تو ہوگئے، تاہم انہوں نے حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے تحریری معاہدہ کروایا۔

رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ دلیپ تاہل نے کس فلم کا سین شوٹ کروانے کے دوران یہ معاہدہ کیا۔

خیال رہے کہ 65 دلیپ تاہل نے درجنوں فلموں میں ولن کا کردار ادا کیا اور وہ پہلے بھی فلموں میں خواتین کو ریپ کا نشانہ بناتے نظر آئے، تاہم اب انہوں نے پہلی بار الزامات سے بچنے کے لیے تحریری معاہدہ کیا۔

دلیپ تاہل نے اداکاری کا آغاز اسٹیج اداکاری سے محض 10 سال کی عمر میں کیا، ان کی پہلی فلم ‘انکر’1974 میں ریلیز ہوئی، انہوں نے 70 سے زائد فلموں میں کام کیا،جن میں سے بیشتر میں وہ ولن کے طور پر نظر آئے۔

دلیپ تاہل نے ہولی وڈ فلم ‘گارڈینز آف دی گلیکسی 2‘ میں بھی کام کیا، جب کہ انہوں نے متعدد ٹی وی ڈراموں میں بھی منفرد کردار ادا کیے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Mueed Oct 19, 2018 09:41pm
Good things happening as a result of that campaign. Never too late!