اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان کے تمام اقتصادی شبعوں خصوصاً لائیو اسٹاک اور زراعت میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ قطر جلد اپنے فیصلے کو حتمی شکل دے گا جس کے تحت ایک لاکھ پاکستانی افرادی قوت کو قطر میں ملازمت کے مواقع حاصل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی وزیراعظم کا عمران خان کو فون، جیت پر مبارکباد

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے قطر کے نائب وزیراعظم محمد بن عبدالرحمٰن اور وزیر خارجہ سے ملاقات میں کیا۔

اس موقع پر دونوں مہمانوں نے امیر قطر کی جانب سے وزیراعظم عمران کو الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد، بھرپور تعاون اور نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

قطر کے وزیرخارجہ نے امیر قطر کا پیغام پہنچایا کہ وہ پاکستان کی نئی قیادت کے ساتھ بہتر دوستانہ تعلقات کی خواہش رکھتے ہیں تاکہ دونوں ممالک کے مابین روابط مضبوط ہوں۔

مزید پڑھیں: ترک صدر طیب اردوان کا عمران خان کو فون، جیت پر مبارکباد

پاکستان کے قطر کے ساتھ برآمدی حجم میں اضافے سے متعلق وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ آئندہ چند برسوں میں دوطرفہ تجارتی حجم مزید بہتر ہوگا۔

قطری وزیر خارجہ کی پاکستانی ہم منصب سے ملاقات

بعد ازاں قطری وزیر خارجہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے دفتر خارجہ میں ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے وزراء خارجہ نے دوطرفہ تجارتی، سیاسی اور اقتصادی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

قطری وزیرخارجہ نے شاہ محمود قریشی کو وزیر خارجہ کا قلمدان سنبھالنے پر مبارک باد دی۔

اس ملاقات کے حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں وزراء نے مشترکہ وزراء کمیشن (جے ایم سی) رواں برس دسمبر میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: افغان صدر کی عمران خان کو مبارکباد، دورے کی دعوت

دفتر خارجہ کی رپورٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے توانائی، پیٹرولیم، زراعت اور لائیو اسٹاک میں دوطرفہ تعاون پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے زور دیا کہ پاکستان سے افرادی قوت کو قطر میں ملازمت دینے کے تمام مراحل جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے قطر کو فیفا ورلڈ کپ میں پیشہ وارانہ مہارت کی حامل افرادی قوت کی خدمات پیش کیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں