ارجن کپور، پرینیتی چوپڑا کے کیریئر کا اختتام؟

اپ ڈیٹ 20 اکتوبر 2018
فلم ’نمستے انگلینڈ‘ 18 اکتوبر کو دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کی گئی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم ’نمستے انگلینڈ‘ 18 اکتوبر کو دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کی گئی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکار ارجن کپور اور پرینیتی چوپڑا کی فلم ’نمستے انگلینڈ‘ سے ان کے مداحوں کو خوب امیدیں وابستہ تھیں۔

فلم ’نمستے انگلینڈ‘ کی ریلیز کے موقع پر اس کے مقابلے اداکار آیوشمان کھرانہ کی فلم ’بدھائی ہو‘ بھی ریلیز ہوئی، تاہم شائقین کو امید تھی کہ ارجن کپور کی فلم باکس آفس پر زیادہ کمائی حاصل کرے گی، اس کی ایک وجہ یہ تھی کہ ارجن کپور اور پرینیتی چوپڑا دونوں کا شمار بولی وڈ کے نامور اداکاروں میں کیا جاتا ہے، دوسری وجہ یہ کہ ان دونوں کی جوڑی اس سے قبل بھی ہٹ ثابت ہوچکی ہے۔

تاہم ہوا کچھ اور ہی، آیوشمان کھرانہ کی فلم ’بدھائی ہو‘ نے اپنی ریلیز کے پہلے دن 7 کروڑ ہندوستانی روپے کمائے جبکہ ارجن اور پرینیتی کی فلم نے تقریباً 2 کروڑ ہندوستانی روپے حاصل کیے۔

پروڈیوسر بونی کپور کے بیٹے ارجن اور اداکارہ پریانکا چوپڑا کی کزن پرینیتی کے مداحوں کے لیے اس سے زیادہ افسوس کی بات یہ رہی کہ فلم ’نمستے انگلینڈ‘ کو نہ تو شائقین نے پسند کیا، اور نہ ہی فلم کو تجزیہ کاروں کا مثبت ردعمل موصول ہوا۔

جبکہ آیوشمان کھرانہ کی کامیڈی فلم تجزیہ کاروں اور شائقین کی جانب سے خوب پسند کی جارہی ہے۔

فلم نمستے انگلینڈ 18 اکتوبر کو دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کی گئی، فلم میں پرینیتی چوپڑا اور ارجن کپور نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے نوجوان لڑکا لڑکی کا کردار ادا کیا، جن کی رومانوی کہانی آگے بڑھتے ہی ان کی شادی کرادی گئی، تاہم گاؤں کی زندگی سے دور اپنی آزادی حاصل کرنے کے لیے پرینیتی سب کو چھوڑ کر انگلینڈ روانہ ہوگئیں اور ارجن کپور انہیں واپس لینے غیر قانونی طور پر انگلینڈ روانہ ہوئے۔

یہ 2007 میں ریلیز ہونے والی کامیاب فلم ’نمستے لندن‘ کا سیکوئل ہے، جس میں اکشے کمار اور کترینہ کیف نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

اگر ارجن اور پرینیتی کے کیریئر پر نظر ڈالی جائے تو ان دونوں ہی کا بولی وڈ کیریئر اس وقت کافی مشکلات کا شکار ہے۔

ارجن کپور کی اس سال ریلیز ہونے والی یہ پہلی فلم تھی، اس کے علاوہ گزشتہ روز ارجن کپور کی فلمیں ’کی اینڈ کا‘، ‘مبارکاں‘ اور ’ہاف گرل فرینڈ‘ سامنے آئیں۔

فلم ’مبارکاں‘، ’کی اینڈ کا‘ اور ’ہاف گرل فرینڈ‘ کے پوسٹرز —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم ’مبارکاں‘، ’کی اینڈ کا‘ اور ’ہاف گرل فرینڈ‘ کے پوسٹرز —فوٹو/ اسکرین شاٹ

ان تینوں فلموں نے باکس آفس پر کچھ بہتر کمائی تو کی تاہم تجزیہ کاروں نے ارجن کپور کی اداکاری کو زیادہ پسند نہیں کیا۔

مزید پڑھیں: ’اگلے سال میرا نام پرینیتی سے جوڑا جائے گا‘

دوسری جانب پرینیتی کے کیریئر کی بات کی جائے تو اداکارہ نے اپنی آخری ہٹ فلم ’گول مال 4‘ دی تو 2017 میں تھی تاہم اس میں پرینیتی کا کوئی خاص مرکزی کردار نہیں تھا۔

اس کے علاوہ ان کی حالیہ برسوں میں سامنے آنی والی فلمیں ’میری پیاری بندو‘، ’کل دل‘ اور ’دعوت عشق‘ سب ہی باکس آفس پر بری طرح ناکام رہیں۔

فلم ’میری پیاری بندو‘، ’دعوت عشق‘ اور ’کل دل‘ کے پوسٹرز—فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم ’میری پیاری بندو‘، ’دعوت عشق‘ اور ’کل دل‘ کے پوسٹرز—فوٹو/ اسکرین شاٹ

یہ دونوں اداکار بہت جلد ایک اور فلم ’سندیپ اور پنکی فرار‘ میں بھی کام کرتے نظر آئیں گے، جو مارچ 2019 میں ریلیز ہوگی۔

تو کیا ارجن کپور اور پرینیتی چوپڑا کا کیریئر اپنے اختتام پر ہے یا پھر یہ دونوں اپنی اگلی فلم سے تجزیہ کاروں کو غلط ثابت کرپائیں گے؟

تبصرے (0) بند ہیں