ایل این جی آپریٹرز پر حکومت کا وار، کمپنیاں دفاع کے لیے تیار

اپ ڈیٹ 20 اکتوبر 2018
پورٹ قاسم پر موجود ایل این جی ٹرمینل — فوٹو، فائل
پورٹ قاسم پر موجود ایل این جی ٹرمینل — فوٹو، فائل

اسلام آباد: قدرتی مائع گیس (ایل این جی) کے ٹرمینل کے آپریٹرز اینگرو ایلنجی اور پاکستان گیس پورٹ نے 2 وفاقی وزرا کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنا دفاع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزرا کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ ان کمپنیوں کو زیادہ قیمت اور غیر قانونی طریقے سے یہ ٹھیکے ملے ہیں۔

اینگرو ایلنجی ٹرمینل پرائیوٹ لمیٹڈ (ای ای ٹی پی ایل) کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی اس کانٹریکٹ کو دوبارہ کرنے کی ذمہ دار نہیں ہے۔

واضح رہے کہ ایل این جی کی مدد سے بجلی کی فی یونٹ قیمت 9.9 روپے آرہی ہے جبکہ اس کے مقابلے میں فرنس آئل سے بجلی کی فی یونٹ قیمت 15.5 روپے ہے۔

مزید پڑھیں: این ایل جی کے ’غیر شفاف‘ ٹھیکوں پر نظرثانی کرنے کا فیصلہ

اپنے بیان میں اینگرو کا کہنا تھا کہ کمپنی نے ایک شفاف عمل کے تحت حکومت کے ساتھ 15 سال کا معاہدہ کیا ہوا ہے اور اس کے بعد ہی کمپنی نے مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو اس میں شامل کیا ہے۔

اینگرو کے مطابق ’حکومت کے پاس اس معاہدے کو دوبارہ کھولنے یا اس کی شرائط و ضوابط کو ازسرِنو تبدیل کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہے اور نہ ہی یہ اختیار کمپنی کے پاس ہے‘۔

دوسری جانب پاکستان گیس پورٹ لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایل این جی ٹرمینل کو چلانے کا معاہدہ شفاف طریقے سے حاصل کیا ہے اور وہ اس کی وضاحت نئی حکومت کو دینے کو تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایل این جی معاہدہ، پی ایس او میں تعیناتیوں سے متعلق رپورٹ طلب

واضح رہے کہ وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری اور وزیرِ پیٹرولیم غلام سرور خان نے اعلان کیا تھا کہ حکومت ایل این جی منصوبوں سے متعلق کیے گئے ٹھیکوں پر نظرثانی کرے گی اور الزام عائد کیا تھا کہ یہ ٹھیکے شفاف طریقے سے کمپنیوں کو نہیں دیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی 9 ماہ کے دوران اینگرو نے 44 فیصد جبکہ پاکستان گیس پورٹ نے 22.74 فیصد ریٹرن اون ایکوٹی (آر او ای) حاصل کیا تھا جو آئل اور گیس سیکٹر میں 15 سے 17 فیصد معمول کے مطابق منافع سے کئی زیادہ ہے۔

تاہم اس حوالے سے اینگرو کا کہنا ہے حصص کنندہ گان کو نرخ کی بنیاد پر ایسے منصوبوں کے منافع کا جائزہ لینے کے لیے آر او ای درست بینچ مارک نہیں ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں