الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ملک میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹنگ کے لیے سمندر پار پاکستانیوں کو کو رجسٹر نہیں کیا جس کے باعث وہ اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کرسکیں گے۔

ای سی پی عہدیدار کا کہنا تھا کہ نے 21 اکتوبر سے ہونے والے ضمنی انتخابات میں ووٹنگ کے لیے سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن نہیں کی جس کے باعث وہ انتخاب میں شریک نہیں ہوپائیں گے۔

ضمنی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی دو نشستوں پر پولنگ ہوگی، 21 اکتوبر کو قومی اسمبلی کا حلقہ این اے-247 کراچی میں ضمنی انتخاب ہوگا جہاں سے صدر مملکت عارف علوی نے نشست خالی کی تھی۔

صوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس-111 کراچی بھی ہے جہاں 25 جولائی کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمران اسماعیل نے کامیابی حاصل کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹوں کو حتمی نتائج میں شامل کرنے کا فیصلہ

مرکز میں پی ٹی آئی کی حکومت تشکیل پانے کے بعد عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور انہیں نشست خالی کرنا پڑی۔

ضمنی انتخاب کا تیسرا حلقہ خیبرپختونخوا (کے پی) اسمبلی کا ہے جہاں پی کے-71 میں ووٹنگ ہو گی جس کو موجودہ گورنر کے پی نے منصب سنبھالنے سے پہلے خالی کیا تھا۔

قبل ازیں 14 اکتوبر کو ملک میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 35 حلقوں میں ضمنی انتخاب ہوا جس میں سمندر پار پاکستانیوں نے جوش وخروش سے ووٹ کاسٹ کیا تھا۔

ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کی 11 نشستوں کے لیے 6 ہزار 130 بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹ رجسٹرڈ کرائے تھے جس میں سے 5 ہزار 117 ووٹ کاسٹ ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں:ضمنی انتخابات: ووٹنگ کیلئے بیرون ملک پاکستانیوں کی رجسٹریشن میں توسیع

صوبائی اسمبلی کی 9 نشستوں پر 570 سمندر پار پاکستانیوں نے ووٹ رجسٹر کرائے تھے جس میں سے 460 افراد نے انٹرنیٹ کے ذریعے اپنا ووٹ ڈالا تھا۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹوں کو حتمی نتائج میں شامل کرنے کا فیصلہ نادرا حکام سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

بعد ازاں 15 اکتوبر کو الیکشن کمیشن نے آگاہ کیا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹوں کو حتمی نتائج میں شامل کیا جائے گا تاہم اب تک اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں