کرکٹ کی دنیا میں آج کل مزاحیہ انداز میں رن آؤٹ ہونے کے دن چل رہے ہیں۔

دو روز قبل ہی پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ابوظہبی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران پاکستانی بلے باز اظہر علی مزاحیہ انداز میں آؤٹ ہوئے۔

اب نیوزی لینڈ کی مقامی کرکٹ میں ایک اور انوکھا اور مضحکہ خیز رن آؤٹ دیکھنے میں آیا ہے۔

نیوزی لینڈ میں فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ 'پلنکیٹ شیلڈ' جاری ہے جس میں ویلنگٹن فائربرڈز اور اوٹاگو وولٹز ان دنوں آمنے سامنے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ میں مضحکہ خیز رن آؤٹ اس وقت دیکھنے میں آیا جب اوٹاگو وولٹز کی 114 رنز پر 6 وکٹیں گر چکی تھیں اور نیتھن اسمتھ اور مائیکل ریپون کریز پر موجود تھے۔

اسٹرائیکر اینڈ پر موجود مائیکل ریپون نے فائن لیگ کی طرف بال کو فِلک کیا اور ایک رن مکمل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: اظہر علی مزاحیہ طریقے سے رن آؤٹ

انہوں نے دوسرا رن بنانے کی کوشش کی لیکن وہ نان اسٹرائیکر اینڈ پر سِلپ ہو کر گر گئے۔

تاہم دوسرے اینڈ پر موجود دوسرے کھلاڑی نیتھن اسمتھ، جن کی نظریں بال پر مرکوز تھیں وہ دوسرے رن کے لیے بھاگتے ہوئے آدھی پِچ پر آگئے اور انہیں یہ اندازہ ہی نہیں ہوا کہ ان کے پارٹنر گر چکے ہیں۔

انہیں جیسے ہی اس کا اندازہ ہوا تو انہوں نے مُڑ کر دوبارہ اسٹرائیکر اینڈ پر جانے کی کوشش کی لیکن وہ خود بھی سِلپ ہو کر گر پڑے۔

اسی دوران فیلڈر نے وکٹ کیپر کی جانب گیند پھینکی جنہوں نے نیتھن اسمتھ کو رن آؤٹ کردیا۔

تبصرے (0) بند ہیں