امیتابھ بچن بھارتی کسانوں کو خودکشی سے بچانے میں مصروف

اپ ڈیٹ 20 اکتوبر 2018
امیتابھ بچن کی فلم ٹھگس آف ہندوستان جلد ہی ریلیز ہوگی—فوٹو: امیتابھ بچن بلاگ پوسٹ
امیتابھ بچن کی فلم ٹھگس آف ہندوستان جلد ہی ریلیز ہوگی—فوٹو: امیتابھ بچن بلاگ پوسٹ

بولی وڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن جن کی آئندہ ماہ 8 نومبر کو میگا بجٹ فلم ‘ٹھگس آف ہندوستان’ ریلیز ہوگی، وہ ان دنوں ایک خاص قسم کے مشن پر مصروف ہیں۔

امیتابھ بچن نے حال ہی میں اپنی 76 ویں سالگرہ منائی،جس کے بعد انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اگرچہ پہلے بھی چند بھارتی کسانوں کو خودکشی کرنے سے بچایا، تاہم اب وہ مزید کسانوں کو بچائیں گے۔

اپنی بلاگ پوسٹ میں امیتابھ بچن نے اعلان کیا کہ وہ جلد ہی بھارتی ریاست اتر پردیش کے 850 مقروض کسانوں کا قرض اتاریں گے۔

امیتابھ بچن کے مطابق انہوں نے طویل تفتیش کے بعد ریاست اتر پردیش کے 850 ایسے کسانوں کی تصدیق کرلی ہے، جو واقعی مقروض اور انتہائی غریب ہیں، جو لیا ہوا قرض بھی واپس کرنے کی حالت میں نہیں ہیں۔

امیتابھ بچن کے مطابق اتر پردیش کے 850 کسانوں کا مجموعی قرض 5 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے، جنہیں وہ جلد ادا کرکے ان کسانوں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں گے۔

ساتھ ہی امیتابھ بچن نے انکشاف کیا کہ وہ پہلے بھی ریاست مہاراشٹر کے 350 کسانوں کا قرض اتار چکے ہیں، جس کی وجہ سے وہ خودکشی کرنے سے بچ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: چمکتا ہندوستان، خودکشیاں کرتے کسان

امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ انہیں مجبور اور غریب کسانوں کی مالی مدد کرکے سکون ملتا ہے اور وہ اس مشن پر اس وقت عمل کرتے رہیں گے، جب تک ان میں ہمت ہے۔

خیال رہے کہ بھارت میں قرض تلے دبے کسان ہر سال ہزاروں کی تعداد میں خودکشی کرنے پر مجبور ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق 2017 میں بھارت کی مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ قرض تلے دبے کسانوں کی جانب سے 2013 تک خودکشی کرنے کی تعداد سالانہ 12 ہزار تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ جہاں بھارت میں سالانہ 12 ہزار کسان خودکشی کرنے پر مجبور ہیں،وہیں اسی طرح کے ملتے جلتے کام کرنے والے دیگر ہزاروں افراد بھی سالانہ خودکشی کرلیتے ہیں۔

تاہم بھارت میڈیا کے مطابق اس وقت خودکشی کرنے والے کسانوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے، رپورٹس کے مطابق بھارت بھر میں اندازاً سالانہ 18 سے 20 ہزار کسان خودکشی کرنے پر مجبور ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں