بھارت: دسہرہ کے تہوار میں خواتین پر بلیڈ سے حملہ، متعدد زخمی

اپ ڈیٹ 20 اکتوبر 2018
خواتین پر حملے کا واقعہ بھی دسہرے کے تہوار کے دوران پیش آیا— فوٹو: اے ایف پی
خواتین پر حملے کا واقعہ بھی دسہرے کے تہوار کے دوران پیش آیا— فوٹو: اے ایف پی

بھارت میں رواں سال دسہرے کا تہوار کچھ اچھا ثابت نہ ہو سکا اور امرتسر میں ٹرین کے خطرناک حادثے کے بعد بہار میں نامعلوم افراد نے تہوار میں شریک 2 درجن خواتین پر تیز دھار بلیڈ سے حملہ کر دیا۔

بھارتی ریاست بہار کے ضلع جہان آباد کے علاقے ٹھاکر باری میں منعقدہ دسہرے کے میلے میں چند شرپسند افراد نے خواتین پر تیز دھار بلیڈ سے حملہ کیا۔

مزید پڑھیں: بھارت: دسہرہ کی تقریب، تیز رفتار ٹرینوں کی زد میں آکر 61 افراد ہلاک

عینی شاہدین کے مطابق حملے سے زخمی ہونے والی خواتین کی عمریں 20 سے 30 سال کے درمیان ہیں اور اکثر پر کمر کے نیچے حملے کیے گئے جس سے کچھ خواتین کی حالت بگڑ گئی۔

خواتین پر حملے کے بعد میلے میں افرا تفریح مچ گئی جبکہ مقامی انتظامیہ نے زخمی خواتین کو سرکاری ہسپتال منتقل کردیا۔

جہان آباد کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ الوک رنجن گھوش اور پولیس سپرنٹنڈنٹ منیش کمار نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم حملے کے ذمے داران کو ڈھونڈنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس جائے وقوع کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حملہ آوروں کو پکڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔

واقع پر مقامی افراد نے انتظامیہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ دسہرہ کے تہوار میں گزشتہ 2 سال سے خواتین پر اس طرح سے حملے ہو رہے ہیں اور یہ سب جانتے ہوئے بھی انتظامیہ نے کسی قسم کے اقدامات نہیں کیے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کا قونصل خانے کے اندر صحافی کے قتل کا اعتراف

ایک مقامی شخص نے بتایا کہ یہ لگاتار تیسرا سال ہے کہ دسہرہ کے تہوار میں آنے والی خواتین اور لڑکیوں پر بلیڈ سے حملہ کیا گیا لیکن انتظامیہ نے اس کا سنجیدگی سے نوٹس نہیں لیا جس کی وجہ سے ہر سال یہ واقعہ رونما ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ تہوار کے دوران ہی گزشتہ روز بھارتی شہر امرتسر میں ریلوے ٹریک پر دسہرہ کی تقریب منانے والے سیکڑوں افراد مخالف سمت سے آنے والی 2 ٹرینوں کی زد میں آگئے تھے، جس کے نتیجے میں 61 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں