بھارت کی ریاست اُتر پردیش کے ایک گاؤں میں مبینہ طور پر بندروں کی جانب سے ایک شخص پر اینٹیں برسا دی گئیں جس کے نتیجے میں 70 سالہ شخص ہلاک ہوگیا۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ورثا نے بندروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے پولیس کو درخواست دے دی جبکہ پولیس واقعہ کو حادثہ قرار دے رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق واقعہ 3 روز قبل اتر پردیش کے گاؤں تیرکی میں پیش آیا تھا۔

مزید پڑھیں: انڈیا: پالتو بندرجائیداد کا وارث

سرکل افسر رامالا راجیو سنگھ نے بتایا کہ 70 سالہ شخص اینٹو کے ڈھیر کے قریب سو رہا تھا کہ کچھ بندروں نے ڈھیر پر اُچھل کود شروع کردی۔

پولیس افسر نے بتایا کہ اسی دوران اینٹو کا ڈھیر سوئے ہوئے شخص پر آگر جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔

پولیس نے زخمی ہونے والے شخص کی شناخت دھرمپال کے نام سے کی اور بتایا کہ زخمی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

تاہم دوسری جانب دھرمپال کے بھائی کرشنپال سنگھ کا کہنا تھا کہ ان کا بھائی لکڑیاں جمع کررہا تھا کہ ان پر بندروں نے حملہ کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: بندروں کے ساتھ رہنے والی بھارتی لڑکی

ان کا مزید کہنا تھا کہ بندروں نے ان کے بھائی پر اینٹیں برسائیں جس سے وہ ہلاک ہوگیا۔

ورثا کا کہنا تھا کہ ہم نے پولیس کو بندروں کے خلاف شکایت درج کرادی ہے لیکن پولیس اس واقعہ کو حادثہ قرار دے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ہم نے سینئر حکام سے رابطہ کیا ہے اور ان سے مذکورہ معاملے میں کارروائی کی درخواست کردی گئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں