وکاس بہل ہراساں کرنے کے الزامات کے باوجود ہریتھک کی فلم مکمل کریں گے؟

اپ ڈیٹ 22 اکتوبر 2018
ہریتھک روشن کی فلم فینٹم فلمز کے ذریعے ہی ریلیز کی جائے گی—فوٹو: دکن کیرونیکل
ہریتھک روشن کی فلم فینٹم فلمز کے ذریعے ہی ریلیز کی جائے گی—فوٹو: دکن کیرونیکل

بولی وڈ ہدایت کار وکاس بہل پر رواں ماہ 7 اکتوبر کو ان کی سابق فلم پروڈکشن کمپنی ‘فینٹم’ کی ملازم خواتین اور اداکارہ کنگنا رناوٹ نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

ان الزامات کے بعد ایک اور نامعلوم اداکارہ نے بھی وکاس بہل پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا، ان کے خلاف یہ الزامات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے جب ان کے کاروباری پارٹنرز نے فلم پروڈکشن کمپنی ‘فینٹم’ کو تحلیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

کنگنا رناوٹ اور دیگر خواتین کی جانب سے وکاس بہل پر الزامات لگائے جانے کے بعد ان کی فلم پروڈکشن کمپنی ‘فینٹم’کے پارٹنرز فلم سازوں ‘انوراگ کشیپ، وکرم دتیا موٹوانی اور مدھو منٹینا ‘ نے بھی کہا تھا کہ وہ وکاس بہل کی عادتوں سے واقف تھے۔

ان کے پارٹنرز نے انہیں جنسی ملزم بھی قرار دیا تھا،جب کہ الزامات سامنے آنے کے بعد ہریتھک روشن نے بھی یہ عندیہ دیا تھا کہ وہ ایسے ہدایت کار کے ساتھ فلم میں کام نہیں کریں گے جن پر الزامات لگے ہوئے ہوں۔

وکاس بہل ان دنوں ہریتھک روشن کی فلم ‘سپر تھرٹی‘ کی ہدایت کاری میں مصروف تھے اور اس فلم کی شوٹنگ تاحال مکمل ہے۔

وکاس بہل پر الزامات سامنے آنے کے بعد خیال کیا جا رہا تھا کہ انہیں فلم کی ہدایت کاری سے الگ کردیا جائے گا یا پھر ہریتھک روشن ان کے ساتھ کام نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کنگنا رناوٹ کا وکاس بہل پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام

لیکن اب اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ نہ تو ہریتھک روشن فلم چھوڑ رہے ہیں اور نہ ہی وکاس بہل فلم سے باہر ہو رہے ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ وکاس بہل جلد ہی ‘سپر تھرٹی‘ کی شوٹنگ کا کام شروع کردیں گے، جس کے بعد وہ فلم کی ایڈیٹنگ پر توجہ دیں گے۔

دکن کیرونیکل نے اپنی رپورٹ میں ذرائع سے بتایا کہ جلد ہی وکاس بہل فلم کی ٹیم کے ساتھ شوٹنگ کا آغاز کریں گے۔

ذرائع کے مطابق فلم کی شوٹنگ آخری مراحل میں ہے اور اب آخری مرحلے میں ٹیم یورپی ملک پولینڈ جائے گی،جس کے بعد فلم کی ایڈیٹنگ شروع ہوجائے گی۔

مزید پڑھیں: ہریتھک کا خواتین کو ہراساں کرنے پر وکاس بہل کی فلم چھوڑنے کا عندیہ

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فلم کے پروڈیوسرز کا وکاس بہل کو فلم سے نکالنے کا کوئی ارادہ نہیں، اس لیے اب خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی وہ فلم کی شوٹنگ کا دوبارہ آغاز کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق اگر تمام کام منصوبہ بندی کے تحت ہوئے تو فلم آئندہ برس 25 جنوری تک مکمل ہوکر سامنے آئے گی۔

یہ خبر ایک ایسے وقت میں آئی ہے جب کہ وکاس بہل نے سابق پارٹنرز ‘انوراگ کشیپ، وکرم دتیا موٹوانی اور مدھو منٹینا ’ کے خلاف عدالت میں ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا ہے۔

اسی مقدمے میں وکاس بہل پر الزام لگانے والی ایک خاتون نے ان کے خلاف عدالت میں جانے سے انکار کردیا ہے، جس کے بعد ہدایت کار کا کیس بظاہر مضبوط نظر آ رہا ہے۔

خیال رہے کہ اداکاراؤں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات کے بعد اکشے کمار کی آنے والی کامیڈی فلم ‘ہاؤس فل 4‘ کے ہدایت کار ساجد خان نے خود کو فلم علیحدہ کرلیا تھا۔

جب کہ اسی فلم کے اداکار نانا پاٹیکر پر بھی تنوشری دتہ کی جانب سے الزامات کے بعد انہیں بھی الگ کردیا گیا تھا، جس کے بعد فلم کی شوٹنگ کھٹائی میں پڑگئی ہے، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اب فلم کو مکمل کرنے کے لیے دوسرے ہدایت کار کی خدمات لی جائیں گی اور نانا پاٹیکر کا کردار مختصر کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں