جنسی ہراساں کرنے کے الزامات پر انو ملک میوزک پروگرام سے الگ

اپ ڈیٹ 22 اکتوبر 2018
انو ملک پر سب سے پہلے شویتا پنڈت اور سونا مہاپترا نے الزام عائد کیا تھا—فوٹو: مڈ ڈے
انو ملک پر سب سے پہلے شویتا پنڈت اور سونا مہاپترا نے الزام عائد کیا تھا—فوٹو: مڈ ڈے

بھارت کے میگا میوزک کمپوزر اور گلوکار 57 سالہ انو ملک پر گزشتہ ہفتے 2 گلوکاراؤں شویتا پنڈت اور سونا مہاپترا کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات لگائے گئے تھے۔

شویتا پنڈت اور سونا مہاترا کے بعد انو ملک پر مزید 2 گلوکاراؤں نے بھی جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات لگائے تھے۔

انو ملک پر نہ صرف گلوکاراؤں بلکہ ان پر ان کے میوزک پروگرام ‘انڈین آئڈل’ کی ٹیم میں شامل خواتین نے بھی جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزمات لگائے تھے۔

گلوکاراؤں اور پروگرام ٹیم میں شامل خواتین کی جانب سے الزامات لگائے جانے کے بعد میوزک پروگرام ‘انڈین آئڈل’ کی ٹیم کی جانب سے انو ملک کو فارغ کیے جانے پر بھی غور کیا جا رہا تھا۔

اطلاعات تھیں کہ پروگرام کے میوزک پروڈیوسر انو ملک کے خلاف الزامات سامنے آنے کے بعد انہیں پروگرام میں بطور جج شامل کرنے کے خواہاں نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: انو ملک نے کہا بوسہ دو تو گانے کا موقع دوں، گلوکارہ

تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ الزامات سامنے آنے کے بعد انو ملک نے خود پروگرام کو چھوڑ دیا۔

انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ الزامات سامنے آنے کے بعد انو ملک کو پروگرام سے نکالنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا،تاہم گلوکار کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے خود پروگرام چھوڑا۔

رپورٹ کے مطابق انو ملک پر الزامات لگانے والی اداکاراؤں نے انہیں پروگرام سے باہر نکالنے کا مطالبہ کیا تھا، ساتھ ہی اس پروگرام کی ٹیم میں شامل خواتین بھی موسیقار کو پروگرام سے نکالنے کی خواہاں تھیں۔

سب سے پہلے سونا مہاپترا نے ان پر الزام عائد کیا تھا—فوٹو: انڈیا ٹوڈے
سب سے پہلے سونا مہاپترا نے ان پر الزام عائد کیا تھا—فوٹو: انڈیا ٹوڈے

تاہم انو ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے خود پروگرام کو چھوڑ دیا۔

انو ملک نے بتایا کہ انہوں نے ‘انڈین آئڈل’ نشر کرنے والے ٹی وی چینل کو اپنا بیان بھجوا دیا،جس میں انہوں چینل کو آگاہ کیا ہے کہ وہ اب اس پروگرام کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق انو ملک نے چینل کو بھجوائے گئے بیان میں کوئی خاص وجہ نہیں بتائی۔

مزید پڑھیں: انو ملک پر مزید 2 گلوکاراؤں کا ’ریپ‘ کی کوشش کا الزام

انو ملک نے یہ بھی بتایا چینل نے ان کی درخواست قبول کرلی ہے اور وہ پروڈیوسرز اس بات سے متفق ہیں کہ اب وہ میرے بغیر ہی پروگرام کریں گے۔

انہوں نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ ان سے زبردستی استعفیٰ لیا گیا۔

شویتا پنڈت نے بھی انو ملک پر الزام عائد کیا تھا—فوٹو: دی اکانامکس ٹائمز
شویتا پنڈت نے بھی انو ملک پر الزام عائد کیا تھا—فوٹو: دی اکانامکس ٹائمز

خیال رہے کہ انو ملک ‘انڈین آئڈل’ میں بطور جج خدمات سر انجام دیتے رہے، اس پروگرام کو میوزک کے حوالے سے بھارت کا سب سے بہترین پروگرام مانا جاتا ہے، جس کے ذریعے نئے گلوکاروں کو مواقع دیے جاتے ہیں۔

57 سالہ انو ملک نے کیریئر کا آغاز 1980 میں بطور میوزک کمپوزر کیا، انہوں نے درجنوں مقبول گیتوں کی نہ صرف موسیقی ترتیب دی بلکہ انہوں نے ان میں اپنی آواز کا جادو بھی جگایا۔

‘اس پیار سے میری طرف نہ دیکھو، اونچی ہے تیری بلڈنگ، نہ ملو کہیں پیار ہو نہ جائے، سندیسے آتے ہیں، جانم سمجھا کرو، اس طرح عاشقی کا فرض ادا کر جاؤں گا ‘ سمیت درجنوں مقبول گیتوں میں آواز کا جادو جگانے والے انو ملک نے متعدد فلموں کی موسیقی بھی ترتیب دی۔

انہوں نے ‘سڑک، بازیگر، میں ہوں نا، شادی نمبر ون، چوری چوری چپکے چپکے، مجھے کچھ کہنا ہے، میلا، ہیرا پھیری اور گنگا،جمنا سروسوتی‘ درجنوں مقبول فلموں کی موسیقی ترتیب دی۔

تبصرے (0) بند ہیں