وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے قتل عام پر مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کیا جائے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں عمران خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے قتل عام کا نیا سلسلہ انتہائی قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق بات چیت کے ذریعے تنازع کشمیر کے حل کی جانب پیش رفت کرے۔

مزید پڑھیں: بھارتی فوج کاریاستی جبر جاری، مزید 8 کشمیری جوان جاں بحق

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں ریاستی جبر کے دوران 14 افراد کو جاں بحق کردیا تھا۔

اس حوالے سے ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ضلع کلگام میں بھارت کے خلاف مظاہرے کے دوران دھماکا خیز مواد کے پھٹنے سے 6 افراد جاں بحق ہوئے۔

انسپکٹر جنرل پولیس سوایم پرکاش پانی نے دعویٰ کیا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 3 کشمیری فائٹرز جاں بحق ہوئے لیکن اس دوران دھماکا خیز مواد پٹھنے سے 5 مظاہرین بھی جاں بحق ہوگئے۔

تاہم کشمیریوں کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے کشمیروں سے لڑائی کے دوران گھروں میں دھماکا خیز مواد نصب کیا تھا۔

اس واقعے کے بعد بھارت مخالف مظاہروں میں شدت آئی تھی اور کشمیریوں نے بھارتی فوج پر پتھراؤ کیا تھا، جس کے جواب میں قابض فوج نے پیلٹس اور آنسو گیس کا استعمال کیا تھا، جس سے متعدد کشمیری زخمی ہوگئے تھے۔

بعد ازں مظاہرے میں زخمی ہونے والوں میں سے 6 افراد سری نگر کے ہسپتال میں دوران علاج جاں بحق ہوگئے تھے۔

علاوہ ازیں لائن آف کنٹرول کے قریب کشیدگی کے دوران 2 نامعلوم کشمیری نوجوان بھی جاں بحق ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج نے مزید 4 کشمیریوں کو قتل کردیا

ادھر پاکستان کی جانب سے بھی مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کے قتل پر سخت ردعمل سامنے آیا تھا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ’ کلگام میں خون کی ہولی کھیلی گئی اور 8 کشمیریوں کو شہید جبکہ متعدد کو زخمی کردیا گیا‘۔

انہوں نے کہا تھا کہ پلواما میں ایک حاملہ خاتون کو قتل کرنے کے 15 گھنٹے بعد ہی بھارتی فورسز نے کلگام میں ایک اور قتل عام شروع کردیا اور کرفیو نافذ کرنے انٹرنیٹ معطل کردیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں