’کوئی جانتا بھی نہیں تھا کہ میں بھی اسٹار کڈ ہوں‘

22 اکتوبر 2018
روہن مہرا فلم ’بازار‘ کے ساتھ ڈیبیو کرنے جارہے ہیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ
روہن مہرا فلم ’بازار‘ کے ساتھ ڈیبیو کرنے جارہے ہیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ

آنجھانی اداکار ونود مہرا کا شمار بولی وڈ کے ان اداکاروں میں کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنے کیریئر میں ہندی سینما کو کئی کامیاب فلمیں دیں۔

لیکن کیا آپ یہ جانتے ہیں کہ ان کا بیٹا بھی اب بولی وڈ کا حصہ بن چکا ہے؟

ماضی کے کامیاب اداکار ونود مہرا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
ماضی کے کامیاب اداکار ونود مہرا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

جہاں بولی وڈ میں اس وقت اقرباءپروری اور اسٹار کڈز کی بڑھتی مقبولیت پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں، وہیں اس اسٹار کڈ کے بارے میں کوئی جانتا بھی نہیں تھا۔

یہاں بات ہورہی ہے ونود مہرا کے بیٹے روہن مہرا کی، جو بہت جلد اپنی فلم ’بازار‘ کے ساتھ ڈیبیو کرنے جارہے ہیں۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق روہن کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’اپنے والد کے انتقال کے بعد میں کینیا میں اپنی والدہ بہن اور دادا دادی کے ساتھ رہا، ونود مہرا کا بیٹا ہونے کے باوجود مجھے کبھی ایسا محسوس نہیں ہوا کہ میں اس انڈسٹری کا حصہ ہوں، نہ میں نے کبھی کسی انٹرویو میں اپنے والد کا نام استعمال کیا اور نہ ہی کسی تقریب میں لوگوں کو بتایا، کوئی جانتا بھی نہیں تھا کہ میں کون ہوں‘۔

فوٹو/ اسکرین شاٹ
فوٹو/ اسکرین شاٹ

انہوں نے مزید کہا کہ ’فلم بازار کے ٹریلر کی ریلیز کے بعد لوگ مجھے پہچاننا شروع ہوئے، اس سے قبل انڈسٹری کے افراد نے میرے ساتھ کوئی خاص برتاؤ نہیں کیا اور میں اس کے لیے ان کی عزت کرتا ہوں‘۔

مزید پڑھیں: ‘بازار’ کا بڑا آدمی بننے کیلئے لائن کراس کرنی پڑتی ہے!

روہن نے دیگر اسٹار کڈز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’باقی اسٹار کڈز اپنی فلموں کی ریلیز سے قبل ہی توجہ کا مرکز بن گئے، میں ان میں سے ایک نہیں ہوں، میں اپنے کیریئر کو ایسے ہی شروع کرنا چاہتا تھا، مجھے اپنے والد کے نام کی وجہ سے کبھی کچھ نہیں ملا‘۔

فوٹو/ اسکرین شاٹ
فوٹو/ اسکرین شاٹ

تاہم روہن کا یہ بھی ماننا تھا کہ آج فلم انڈسٹری باہر سے آئے ہوئے اداکاروں کو آسانی سے قبول کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’آج کئی کاسٹنگ ایجنٹس اور پروڈکشن ہاوسز نئے ٹیلنٹ کو سامنے لارہے ہیں، مجھے نہیں لگتا کے کسی کو ایسا محسوس ہونا چاہیے کہ انہیں موقع نہیں ملا، محنت سب کو کرنی پڑتی ہے‘۔

یاد رہے کہ حال ہی میں فلم ’بازار‘ کا ٹریلر سامنے آیا تھا، اس فلم میں سیف علی خان مرکزی کردار ادا کررہے ہیں، جبکہ روہن مہرا کا بھی فلم میں ایک اہم کردار ہے۔

فلم میں ردھیکا آپٹے اور چترانگدا سنگھ بھی موجود ہیں۔

فلم ’بازار‘ رواں ماہ 26 تاریخ کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں