ملزم نے قتل کا خود اعتراف کیا—فوٹو: ہندوستان ٹائمز
ملزم نے قتل کا خود اعتراف کیا—فوٹو: ہندوستان ٹائمز

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں شوہر کی جانب سے اپنی بیوی کو شیر خوار بیٹی کے سامنے قتل کرنے اور پھر اپنی ہی بیوی کی لاش کے ساتھ 24 گھنٹے تک وقت گزارنے کا عجیب واقعہ سامنے آیا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق دہلی کے 24 سالہ شخص نے اپنی بیوی کو قتل کرنے اور اس کی لاش کے ساتھ 24 گھنٹے گزارنے کے بعد پولیس تھانے جاکر قتل کا اعتراف کیا۔

رپورٹ کے مطابق 24 سالہ کامل نامی شخص نے پولیس تھانے پہنچ کر خود ہی اعتراف کیا کہ اس نے اپنی 32 سالہ اہلیہ ریشماں کو کسی کے ساتھ افیئر کی شک کی بنیاد پر غیرت میں آکر قتل کیا۔

پولیس نے بتایا کہ کامل نے نصف شب کو آکر پولیس کو واقعے سے آگاہ کیا کہ اس نے اپنی بیوی کو قتل کیا ہے،اسے گرفتار کیا جائے، تاہم ملزم کو نشے میں دیکھ کر پولیس اہلکاروں نے ان پر یقین نہیں کیا۔

رپورٹ کے مطابق ملزم کی جانب سے شدید زور ڈالے جانے کے بعد پولیس نے جائے وقوع کا دورہ کیا، جہاں ان کی اہلیہ کو مردہ حالت میں پایا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ اس نے بیوی کو اپنی 2 سالہ بیٹی کے سامنے قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کے ساتھ 24 گھنٹے گزارے۔

ملزم کے مطابق اس نے اپنی بیوی کی لاش کے ساتھ بیٹھ کر اپنی بیٹی کو 24 گھنٹے تک گود میں لیے رکھا، تاہم جب بچی رونے لگی تو اسے شرمندگی محسوس ہوئی، جس وجہ سے انہوں نے پولیس کو واقعے سے آگاہ کیا۔

دوسری جانب قتل کی گئی خاتون ریشماں کے والدین نے بتایا کہ کامل اپنی اہلیہ کو کسی نہ کسی بہانے تشدد کا نشانہ بناتا رہتا تھا۔

پولیس نے کامل کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا، جب کہ ان کی 2 سالہ بچی کو ان کے اہل خانہ کے سپرد کردیا گیا۔

بیوی کو قتل کرکے اس کی لاش کے ساتھ 24 گھنٹے تک بیٹھ کر گزارنے کا یہ منفرد واقعہ ہے، جس نے سب کو حیران کردیا۔

تبصرے (0) بند ہیں