اسلام آباد: حکومت نے ایک بار پھر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ مؤخر کر دیا۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 4 پیسے اضافے کی سمری پر غور کیا گیا، تاہم سمری پر کوئی فیصلہ نہ کیا جاسکا۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ بجلی کے واجبات کی وصولی کا عمل بہتر بنانے کی ضرورت ہے، وصولیوں کا عمل بہتر ہونے تک بجلی کی قیمت نہیں بڑھانے دیں گے۔

اجلاس میں توانائی سمیت معیشت کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کے بارے میں تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی کے ٹیرف میں 2 روپے فی یونٹ اضافے کا امکان

یاد رہے کہ 2 اکتوبر کو بھی ای سی سی نے بجلی کے فی یونٹ ٹیرف میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

قبل ازیں 26 ستمبر کو بھی وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بجلی کے بلوں کی مکمل وصولی یقینی بنانے اور لائن لاسز میں کمی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ ملتوی کردیا تھا۔

خیال رہے کہ 24 ستمبر کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے بجلی کے ٹیرف میں 2 روپے فی یونٹ اضافے کا اعلان کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں