مقبول بھارتی شو ’سی آئی ڈی‘ بند کرنے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 23 اکتوبر 2018
یہ شو 20 سالوں تک مداحوں کے دلوں پر راج کرتا رہا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
یہ شو 20 سالوں تک مداحوں کے دلوں پر راج کرتا رہا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

ہندی ٹیلی ویژن کے سب سے طویل عرصے تک نشر ہونے والے پروگرامز میں سے ایک فکشن کرائم شو سی آئی ڈی گزشتہ 21 سالوں سے شائقین کو محظوظ کرنے میں کامیاب رہا۔

تاہم اب یہ شو مداحوں کو مزید انٹرٹین نہیں کرپائے گا۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ سی آئی ڈی کی آخری قسط رواں ماہ 27 اکتوبر کو نشر کی جائے گی، جس کے ساتھ اس شو کا بھی اختتام ہوجائے گا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق پروڈیوسرز نے اس شو کو ختم کرنے کا فیصلہ اچانک لیا ہے، جس کی وجہ سے مداح کافی مایوس ہوگئے ہیں۔

پولیس اور چوروں کی آنکھ مچولی پر مبنی اس شو نے اب تک ایک ہزار 5 سو 46 اقساط مکمل کرلی ہیں۔

اس پروگرام میں موجود کردار اے سی پی پرادھیومن، سینئر انسپیکٹر (ایس آئی) ابھیجیت اور دیا ناظرین میں مقبول ماتے جاتے ہیں۔

سی آئی ڈی کے تین مقبول کردار —فوٹو/ اسکرین شاٹ
سی آئی ڈی کے تین مقبول کردار —فوٹو/ اسکرین شاٹ

یہ کردار اداکار شیواجی ستم، اداکار شریواستو اور اداکار دیاآنند شیٹی نے ادا کیے۔

سالوں سے اس شو میں کئی نئے کردار شامل ہوتے رہے جبکہ بہت سے اداکار شو کو خیرباد بھی کہہ گئے، تاہم یہ تینوں شروعات سے آخر تک سی آئی ڈی کا حصہ بنے رہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس شو کا ڈائیلاگ ’دیا پتہ لگاؤ‘ بھی شائقین کے درمیان خوب مقبول رہا۔

یاد رہے کہ حال ہی میں اس شو کو کچھ عرصے کے لیے بند کیا گیا تھا، تاہم پبلک ڈیمانڈ کے باعث اسے واپس آن ایئر کیا گیا۔

سی آئی ڈی کا آغاز 1998 میں سونی ٹیلی ویژن پر ہوا تھا۔

21 سال سے جاری اس پروگرام میں ایسی کئی کہانیاں سامنے آئیں جنہیں خوب پسند کیا گیا۔

حال ہی میں پروگرام کے 20 سال مکمل ہونے پر ایک شاندار ایونٹ بھی منعقد کیا گیا تھا جس میں پوری ٹیم نے شرکت کی تھی۔

ٹائمز آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے شو کے اداکار دیاآنند شیٹی نے سی آئی ڈی کی نشریات ختم ہونے کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’یہ حقیقت ہے، ہمیں حال ہی میں اس کے بارے میں پتا چلا جس کے بعد 4 سے 5 دن قبل ہم نے پروگرام کی شوٹنگ بند کردی، 27 اکتوبر کو نشر ہونے والی قسط آخری ہوگی‘۔

اس شو کے حوالے سے اداکار نے مزید بتایا کہ ’ہم شو کی شوٹنگ کررہے تھے اور اگر یہ جاری رہتی تو اس کے 21 سال بھی مکمل ہوجاتے لیکن پروڈیوسر نے اچانک ہی بتایا کہ اب شو بند کیا جارہا ہے، میں اپنے کردار دیا کو خوب یاد کروں گا، لیکن ہمیں ناظرین کے لیے بےحد دکھ ہورہا ہے، ہم ایک خاندان کی طرح تھے، ہم ایک دوسرے کو بےحد یاد کریں گے کیوں کہ یہ ہمارے دوسرے گھر کی طرح تھا‘۔

اداکار نے یہ بھی بتایا کہ چینل کے ساتھ ہوئے چند مسائل کے باعث سی آئی ڈی ختم کیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ اس شو کی ہدایات بی پی سنگھ اور نندو کیل نے دی، جبکہ پروڈکشن بھی بی پی سنگھ نے ہی کی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں