نانا پاٹیکر کی جگہ ‘باہو بلی‘ ولن نے لے لی

23 اکتوبر 2018
رانا دگوبتی پہلے بھی چند بولی وڈ فلموں میں کام کر چکے ہیں—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
رانا دگوبتی پہلے بھی چند بولی وڈ فلموں میں کام کر چکے ہیں—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

بولی وڈ کھلاڑی اکشے کمار کی آنے والی رومانٹک کامیڈی فلم کی شوٹنگ یوں تو 70 فیصد مکمل ہوگئی تھی، تاہم اچانک فلم کے ہدایت کار ساجد خان اور اہم اداکار نانا پاٹیکر پر خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات کے بعد اس کی شوٹنگ روک دی گئی تھی۔

اداکاراؤں کی جانب سے الزامات لگائے جانے کے بعد جہاں اس فلم کی شوٹنگ روک دی گئی تھی، وہیں فلم کے پروڈیوسرز نے ہدایت کار ساجد خان اور اداکار نانا پاٹیکر کو بھی الگ کردیا تھا۔

تاہم ساجد خان اور نانا پاٹیکر نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے خود فلم سے علیحدگی اختیار کی۔

فلم کی شوٹنگ منسوخ کیے جانے کے بعد اب اطلاعات سامنے آ رہی ہیں کہ فلم کے پروڈیوسرز نے ساجد خان کی جگہ کسی اور ہدایت کار جب کہ نانا پاٹیکر کی جگہ بھارت کی سب سے زیادہ پیسے کمانے والی فلم ‘باہو بلی‘ کے ولن کو کاسٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

جی ہاں، اطلاعات ہیں کہ اب ہاؤس فل 4 میں نانا پاٹیکر کی جگہ رانا دگوبتی کو کاسٹ کیا جائے گا، جو اس سے قبل بھی چند ہندی فلموں میں جوہر دکھا چکے ہیں، تاہم ان کی شہرت تیلگو اور تامل فلموں میں ہی ہے۔

ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں ذرائع اور میڈیا رپورٹس کو بنیاد بنا کر بتایا کہ ہاؤس فل 4 کی ٹیم اور رانا دگوبتی کے درمیان فلم میں کام کرنے کے حوالے سے مذاکرات مکمل ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’ہاوس فل 4‘ کی شوٹنگ منسوخ، وجہ نانا پاٹیکر اور ساجد خان

رپورٹ کے مطابق رانا دگوبتی نے ہاؤس فل 4 میں نانا پاٹیکر کا کردار ادا کرنے پر رضامندی بھی ظاہر کرلی۔

دوسری جانب یہ اطلاعات بھی ہیں کہ اب فلم کی ہدایات فرہاد سمجی دیں گے اور اس حوالے سے بھی مذاکرات مکمل ہوچکے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی فلم کی ٹیم ساجد خان کی جگہ دوسرے ہدایت کار اور نانا پاٹیکر کی جگہ رانا دگوبتی کو کاسٹ کرنے کا اعلان کرے گی۔

خیال رہے کہ نانا پاٹیکر پر گزشتہ ماہ 26 ستمبر کو اداکارہ تنوشری دتہ نے 2008 میں فلم ’ہارن اوکے پلیز‘ کی شوٹنگ کے دوران جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

جب کہ ہدایت کار ساجد خان پر اداکارہ سلونی چوپڑا، اداکارہ ریچل وائٹ اور صحافی کرشمہ اوپاڈہے نے جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا۔

ساجد خان نے ’ہاؤس فل‘ سیریز کی پہلی دو فلموں کی ہدایات بھی دی، تاہم تیسری فلم کی ہدایت کاری ساجد فرحاد نے کی تھی۔

’ہاوس فل 1‘ 2010 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں اکشے کمار، ریتیش دیش مکھ، ارجن رامپال، دپیکا پڈوکون، لارا دتتا اور بومن ایرانی نے اہم کردار ادا کیے۔

جبکہ ہاؤس فل 2‘ 2012 میں سامنے آئی۔ اس فلم میں اکشے اور ریتیش کے ساتھ جون ابراہم، آسن، جیکولین فرنینڈز، زرین خان، رشی کپور رندھیر کپور اور متھن چکراورتی نظر آئے۔

اس سیریز کی فلموں کو تجزیہ کاروں کے منفی ریویوز تو ملے تاہم یہ باکس آفس پر شاندار بزنس کرنے میں کامیاب رہیں۔

فلم ‘ہاؤس فلم 4‘ اگلے سال دیوالی کے موقع پر ریلیز کرنے کا ارادہ کیا گیا تھا، تاہم اب اس میں تاخیر کا امکان ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں