سابق بھارتی کرکٹرز اور صوبہ پنجاب کے وزیر برائے سیاحت و ثقافت نوجوت سنگھ سدھو نے حالیہ ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والے والدین کے بچوں کی کفالت کی ذمہ داری کا اعلان کردیا۔

واضح رہے کہ 19 اکتوبر کو بھارتی شہر امرتسر میں ریلوے ٹریک پر دسہرہ کی تقریب منانے والے سیکڑوں افراد مخالف سمت سے آنے والی 2 ٹرینوں کی زد میں آگئے تھے، جس کے نتیجے میں 61 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: دسہرہ کی تقریب، تیز رفتار ٹرینوں کی زد میں آکر 61 افراد ہلاک

خلیج ٹائمز میں شائع رپورٹ کے مطابق سابق بھارتی کرکڑ اور معروف سیاستدان نوجوت سنگھ سندھو نے نجی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ اور ان کی اہلیہ اعلان کرتے ہیں کہ وہ بچے جن کے والدین ٹرین حادثے میں ہلاک ہوگئے ان کی تعلیم، خوراک اور دیگر اخراجات کی ذمہ داری ہماری ہوگی’۔

ان کا کہنا تھا کہ‘جو خواتین بیوہ ہوئیں ان کے لیے ہر ممکن مالی وسائل کے انتظامات کیے جائیں گے’۔

خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے امرتسر ٹرین حادثے کا شکار 21 اہل خانہ میں فی خاندان کو 5 لاکھ روپے تقیسم کیے تھے۔

بھارتی حکومت نے ہرجانے کی مد میں مجموعی طور پر تقریباً ایک کروڑ روپے تقسیم کیے۔

مزید پڑھیں: بھارت: اسکول بس کے حادثے میں 27 بچے ہلاک

وزیر صحت بہرام موئندرہ نے کہا کہ دیگر متاثرہ خاندان کو چند دنوں میں ہرجانہ ادا کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ امرتسر میں حادثے کے وقت سیکڑوں افراد ریلوے ٹریک کے قریب دسہرہ کے جشن میں شریک تھے اور راون کے پُتلے کو جلتا ہوا دیکھ رہے تھے کہ لوکل ٹرین نے ریلوے لائن پر کھڑے افراد کو کچل دیا۔

ادھر این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ ’مخالف سمت سے 2 ٹرینیں ایک ہی وقت میں آنے کی وجہ سے لوگوں کو بھاگ کر جان بچانے کا موقع نہیں مل سکا‘۔

مزید پڑھیں: ایوان صدر: نوجوت سنگھ سدھو آرمی چیف سے بغل گیر ہوگئے

امرتسر پولیس کمشنر شری واستو نے بتایا کہ ’حادثے میں 61 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔

انڈو ایشین نیوز سروس کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ جائے حادثہ پر 700 سے زائد افراد موجود تھے جن میں سے تقریباً 60 افراد ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں