کوئٹہ: نامعلوم افراد کی فائرنگ، پولیس اہلکار جاں بحق

پولیس اہلکار کی شناخت محمد موسیٰ کے نام سے ہوئی —فائل فوٹو: اے پی پی
پولیس اہلکار کی شناخت محمد موسیٰ کے نام سے ہوئی —فائل فوٹو: اے پی پی

صوبہ بلوچستان کے درالحکومت کوئٹہ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ نواں کلی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس اہلکار پر فائرنگ کی اور جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔

فائرنگ سے پولیس اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت محمد موسیٰ کے نام سے ہوئی۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ: پولیس کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک اہلکار شہید، دوسرا زخمی

پولیس کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل محمد موسیٰ کوئٹہ کے بریری پولیس اسٹیشن میں تعینات تھا اور وہ اپنی ڈیوٹی کے لیے موٹرسائیکل پر جارہا تھا کہ اسے نشانہ بنایا گیا۔

واقعے کے فوری بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور شواہد اکھٹے کرکے تحقیقات شروع کردیں۔

پولیس کے مطابق مقتول اہلکار محمد موسیٰ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نواں کلی میں پیش آنے والا یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ لگتا ہے۔

خیال رہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کافی عرصے سے ملک دشمن عناصر کے نشانے پر ہے اور یہاں دہشت گردی کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں جس میں پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں سمیت شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

گزشتہ روز بھی کوئٹہ کے نواحی علاقے کلی شابو مین نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک اسکول کے 4 بچے زخمی ہوئے تھے۔

اس سے قبل 25 جولائی کو عام انتخابات والے دن کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس پر خود کش دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت31 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں خودکش دھماکا، پولیس اہلکاروں سمیت 31 افراد جاں بحق

رواں سال جون کے مہینے میں کوئٹہ کے علاقے ارباب کرم خان روڈ میں پولیس کی گاڑی پر حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔

30 اپریل کو کوئٹہ کے جان محمد روڑ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کم ازکم 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے تھے۔

واقعے سے ایک روز قبل کوئٹہ کے ہی جمال الدین افغانی روڑ پر ایک دکان میں فائرنگ سے ہزارہ برادری کے 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں